اسلام آباد: عام انتخابات 2018 میں مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کے معاملے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے.
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کی انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات کے لیے تشکیل کردہ ذیلی کمیٹی نے ٹی او آرز تیار کر لیے ہیں.تحقیقات کے لئے پارلیمانی کمیٹی کو ذیلی کمیٹی نے رپورٹ پیش کر دی.
اپوزیشن کے 10 نکاتی ٹی او آرز پر اتفاق نہ ہو سکا، حکومت کی طرف سے ٹی او آرز پیش کر دیے گئے.
ٹی او آرز کے مطابق یہ جائزہ لیا جائے گا کہ الیکشن ایکٹ 2017 پر عمل درآمد کیا گیا یا نہیں، الیکشن کمیشن کو اختیارات استعمال کرنے کی مکمل اجازت ملی یا نہیں.
یہ بھی دیکھا جائے گا کہ سیاسی جماعتوں کو انتخابی مہم کے یکساں مواقع فراہم کیے گئے یا نہیں، پولنگ ایجنٹس کو پولنگ اسٹیشنز سے کیوں نکالا گیا، نصف شب تک کتنے نتائج کا اعلان کیا گیا.
مزید پڑھیں: انتخابی دھاندلی کی تحقیقات کرنے والی کمیٹی پارلیمانی ہے یا خصوصی؟ معاملہ الجھ گیا
ذیلی کمیٹی کے ٹی او آرز کے مطابق یہ بھی دیکھا جائے گا کہ تحریری طور پر نتائج کیوں جاری نہیں کئے گئے، آر ٹی ایس اور آر ایم ایس سسٹم فیل ہونے کی وجوہات کیا تھیں. کمیٹی الیکشن کمیشن ،نادرا، آر اوز اور متعلقہ دیگر اداروں کو بھی طلب کر سکتی ہے.
یاد رہے کہ گذشتہ برس ہونے والے عام انتخابات کے بعد دھاندلی کے الزامات سامنے آئے تھے، پی ٹی آئی کے چیئرمین نے اپنی پہلی تقریر میں اعلان کیا تھا کہ اپوزیشن کے تحفظات کے سدباب کے لیے آزاد تحقیقات کے لیے تیار ہیں.