اسلام آباد: رواں مالی سال 19-2018 کے پہلے 7 ماہ میں موبائل کی درآمد میں اضافہ دیکھا گیا، رواں سال 7 ماہ میں 60 ارب سے زائد مالیت کے موبائل فون درآمد کیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان بیورو شماریات کا کہنا ہے کہ رواں سال کے پہلے 7 ماہ 55 ارب مالیت کے موبائل فون درآمد کیے گئے، گزشتہ7 ماہ میں موبائل فون کی درآمد میں 13.13 فیصد اضافہ ہوا۔
ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ سال 7 ماہ میں 48.71 ارب کے موبائل فون درآمد کیے گئے تھے جبکہ رواں سال 7 ماہ میں 42 کروڑ 38 لاکھ ڈالر (60 ارب 22 کروڑ سے زائد) مالیت کے موبائل فون درآمد کیے گئے۔
ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ ڈالر مہنگا ہونے کی وجہ سے موبائل کی درآمدی قیمت میں اضافہ ہوا ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان بیورو شماریات نے مہنگائی کے حوالے سے بھی اعداد و شمار جاری کیے ہیں جن کے مطابق نئے مالی سال 19-2018 کے آٹھویں ماہ فروری کے دوسرے ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.53 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
بیورو شماریات کا کہنا ہے کہ 15 فروری کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران زندہ مرغی، ٹماٹر، کیلے، گندم، آٹا، مسٹرڈ آئل، مٹن، بیف، ویجی ٹیبل گھی، چینی، گڑ اور دال مسور سمیت 12 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔
رپورٹ کے مطابق انڈے، لہسن ،خوردنی تیل، آلو، پیاز، دال ماش، چنے کی دال، دال مونگ، سرخ مرچ اور ایل پی جی سمیت 10 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔