بدھ, جنوری 15, 2025
اشتہار

کراچی: ٹارگٹ کلنگ اور 170 سے زائد ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث گینگ وار کا کارندہ وقاص منجن گرفتار

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: رینجرز نے شہر قائد کے علاقے گارڈن میں کارروائی کرتے ہوئے لیاری گینگ وار کے وقاص عرف منجن نامی ملزم کو گرفتار کرلیا جو ٹارگٹ کلنگ کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہے۔

ترجمان رینجرز کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق کراچی کے علاقے گارڈن نبی بخش میں رینجرز نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ٹارگٹ کلنگ،بھتہ خوری اور ڈکیتیوں کی متعدد وارداتوں میں ملوث ملزم وقاص عرف منجن گرفتار  کرلیا۔

رینجرز کے مطابق ملزم وقاص عرف منجن کاتعلق لیاری گینگ وار سے ہے جس نے سیاسی جماعت کے کارکنان کو قتل کرنے اور مختلف علاقوں میں ڈکیتی کی 170 سے زائد وارداتوں کا اعتراف کیا۔

- Advertisement -

ترجمان رینجرز کے مطابق کارروائی کے دوران ملزم سےغیرقانونی اسلحہ،گولیاں اور دیگر مسروقہ سامان بھی برآمد ہوا۔

مزید پڑھیں: پی ایس پی ٹاؤن آفس پر حملے میں ملوث ایم کیو ایم لندن کا ٹارگٹ کلر گرفتار

رینجرز کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق ابتدائی تفتیش میں ملزم نے سیاسی و مذہبی جماعتوں کے کارکنان کی ٹارگٹ کلنگ اور کراچی کے مختلف علاقوں میں ڈکیتی کی 170 سے زائد وارداتوں میں ملوث ہے جن کی تفصیلات درج ذیل ہیں۔

کارروائیوں کا اعتراف

الف : 22فروری 2012کو ملزم نے لیاری گینگ وار کمانڈر علی کے حکم پر MQM کے کارکن علی برہان کو قتل کیا اور دوسرے کارکن  وقاص علی کو زخمی کیا۔

ب: 22جون 2012 کوملزم نے سنی تحریک یونٹ 26کے یونٹ انچارج عمران کے آرڈر پر جوڑیا بازار میں MQM کے کارکن محمد گلریز آسمانی عرف چمبر کو قتل کیا۔

ج: 28مارچ 2013 کو ملزم نے لیاری گینگ وار کمانڈر علی بلوچ کے آرڈر پر مرچی گلی جوڑیا بازار میں قذافی عرف پپی کو قتل کیااور اس کے دو ساتھیوں وقاص اور عبدالقادر کو زخمی کیا۔

د: ملزم  نے انکشاف کیا کہ2016 سے لے کر گرفتاری تک اُس نے کھاردار، ایم جناح روڈ ،صدر اور آئی آئی چندریگر روڈکے علاقوں میں تقریباً 170سے زائد ڈکیتی ، موبائل فون اور نقدی چھیننے کی وارداتوں میں ملوث رہاہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایم کیو ایم لندن کے ملزمان کا سیاسی جماعتوں کے دفاتر پر حملوں کا اعتراف

یاد رہے کہ شہر میں امن و امان قائم کرنے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے نیشنل ایکشن پلان کے تحت کراچی میں آپریشن کا آغاز کیا تھا جس کے دوران دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری سمیت ڈکیتی کی وارداتوں میں نمایاں کمی آئی۔

رینجرز نے گزشتہ دنوں ایم کیو ایم لندن سے تعلق رکھنے والے 8 ملزمان کو گرفتار کیا تھا جو ایم کیو ایم پاکستان اور پی ایس پی کے دفاتر ، محفل میلاد پر حملوں میں ملوث تھے۔

رینجرز کے کرنل نے پریس کانفرنس میں انکشاف کیا تھا کہ ملزم ایم کیو ایم لندن کے بیرونِ ملک مقیم سلیم بیلجیئم کی ٹارگٹ کلنگ کی ٹیم کا حصہ ہیں اور تمام ملزمان آپس میں رابطے کے لیے موبائل فون کے بجائے واٹس ایپ کا استعمال کرتے تھے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں