ملتان: وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے متعلقہ حکام کو ڈیرہ غازی خان اور ملتان سیف سٹی پراجیکٹ پر کام تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملتان میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیرِ صدارت امن و امان سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں وزیر اعلیٰ نے ملتان اور ڈی جی خان سیف سٹی منصوبے پر کام تیز کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں آر پی او ڈی جی خان نے امن و امان کی صورتِ حال پر وزیر اعلیٰ کو تفصیلی بریفنگ دی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے اجلاس میں کہا کہ ڈولفن فورس کی نفری ڈی جی خان میں فراہم کر دی گئی، ڈی جی خان اور ملتان سیف سٹی پراجیکٹ پر کام تیز کیا جائے۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ تونہ شریف میں مددگار اور خدمت سینٹرز اب ایک عمارت میں ہوں گے۔ انھوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تھانوں کی نئی عمارتوں کے لیے مقامات کا تعین کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: بلوچستان پولیس کاپنجاب سیف سٹی اتھارٹی سے تکنیکی معاونت لینے کا فیصلہ
خیال رہے کہ پنجاب سیف سٹی پراجیکٹ اتھارٹی ایک کام یاب ادارہ سمجھا جاتا ہے، گزشتہ ماہ بلوچستان پولیس نے اپنے محکمے میں اصلاحات کے لیے پنجاب سیف سٹی اتھارٹی سے مدد لینے کا فیصلہ کیا تھا، جب کہ اس سے قبل خیبر پختون خواہ پولیس نے بھی پنجاب سیف سٹی اتھارٹی سے مدد طلب کی تھی۔
رواں ماہ وزیرِ اعظم عمران خان نے اسلام آباد کو ماڈل سٹی بنانے کے لیے بھی اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا انتظامیہ مستقبل کی ضروریات کے مطابق منصوبہ بندی کرے۔