پیرس: چینی صدر شی جن پنگ دورہ اٹلی مکمل کرنے کے بعد فرانس پہنچ گئے، جہاں وہ ہم منصب ایمانوئیل میکرون سے اہم ملاقات کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق چینی صدر نے تین روزہ اٹلی کا دورہ کیا، اس دوران دونوں ممالک کی جانب سے تجارتی معاملات زیرغور آئے اور معاہدے پر دستخط ہوئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ چینی صدر شی جن پنگ اور ہم منصب ایمانوئیل میکروں کے درمیان اہم ملاقات دارالحکومت پیرس میں ہوگی جہاں دوطرفہ تجارت کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
دونوں ممالک کے صدور کے درمیان ملاقات آج ہوگی۔خیال رہے کہ آج فرانس اور چین کے درمیان دوستی کو پورے 55ویں برس مکمل ہوگئے۔
اگلے روز فرانسیسی اور چینی صدور کے ساتھ جرمن چانسلر انجیلا مرکل اور یورپی کمیشن کے صدر ژاں کلاؤد ینکر بھی ایک میٹنگ میں شریک ہوں گے، اس دوران چین یورپ سمٹ کے اہم نکاتوں پر بھی گفتگو ممکن ہے۔
یاد رہے کہ چینی صدر کے دورہ اٹلی کے موقع پر دوطرفہ تعلقات پر گہرے اور مثبت اثرات مرتب ہوئے، چین اور اٹلی نے تجارت اور ٹرانسپورٹ کے ’سلک روڈ‘ معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔
چین کے ساتھ ’سلک روڈ‘ پروٹوکول پر دستخط کرنے سے اٹلی ترقی یافتہ اقوام کے گروپ جی سیون کا وہ پہلا ملک بن گیا ہے، جو چین کے ’ون بیلٹ اینڈ روڈٴ‘ سلسلے کی ایک کڑی ہے۔