جمعرات, جولائی 3, 2025
اشتہار

نیب کے مقدمات اور جے آئی ٹی رپورٹ جھوٹ پر مبنی ہے، مراد علی شاہ

اشتہار

حیرت انگیز

راولپنڈی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ نیب سے پوری طرح تعاون کریں گے، مقدمات اور جے آئی ٹی رپورٹ جھوٹ پر مبنی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیب سے تعاون کررہے ہیں لیکن نیب کی جے آئی ٹی رپورٹ جھوٹ پر مبنی ہے اس میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی رپورٹ میں میرے اور بلاول کے بارے میں پڑھ لیں، نیب کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم پر تحقیقات کررہے ہیں۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ راولپنڈی میں کیس منتقلی پر بہت سے سوالات اٹھتے ہیں، پنڈی سے ہمارے پرانے تجربے کچھ اچھے نہیں رہے ہیں، ذوالفقار بھٹو کو پنڈی میں پھانسی دی گئی اور شہید بینظیر بھٹو کو بھی پنڈی میں ہی قتل کیا گیا۔

مزید پڑھیں: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی پیشی سے متعلق نیب اعلامیہ جاری

واضح رہے کہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ آج احتساب عدالت میں پیش ہوئے تھے جہاں ان سے ڈیڑھ گھنٹہ تفتیش کی گئی، نیب اعلامیہ کے مطابق جوابات کی روشنی میں ان کو دوبارہ بلانے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

نیب اعلامیہ میں کہا گیا سوالنامے کے جوابات 2ہفتے میں نیب پنڈی میں فراہم کرنےکی ہدایت کی گئی ہے ، سوالنامے اور آج دیےگئے جوابات کا قانون کے مطابق جائزہ لیا جائے۔

اعلامیے کے مطابق کیس کی انکوائری براہ راست چیئرمین نیب کی نگرانی میں جاری ہے ، نیب کسی دباؤ کوخاطرمیں لائے بغیر بدعنوانی کے خاتمے کے لیے کوشاں ہے، نیب قانون کےمطابق ہر شخص کا احترام کیاجاتاہے۔

یاد رہے نیب راولپنڈی نے 20 مارچ کو وزیراعلیٰ سندھ کی طلبی کا نوٹس جاری کیا تھا، ذرائع کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ کو سکرنڈ،کھوسکی،دادو، ٹھٹھہ، پنگریو شوگرملز کو سبسڈی دیے جانے کے معاملے پر طلب کیا گیا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں