ریاض: وزیر اطلاعات فواد چوہدری کاکہناہے وزیراعظم عمران خان کے آنے سے پاک سعودی عرب باہمی تعلقات میں گرمجوشی آئی، سعودی عرب کے شہریوں کے لیے ویزے کی شرط ختم کردی ہے، اب سعودی عرب کے شہری ایئرپورٹ پر ہی ویزہ لے سکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ریاض میں وزیراطلاعات فوادچوہدری نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا سعودی عرب میں 20 لاکھ پاکستانی ملکی معیشت کےلیے کام کر رہے ہیں اور مقیم پاکستانی ترسیلات کا ایک چوتھائی بھیج رہے ہیں۔
فوادچوہدری کا کہنا تھا وزیراعظم عمران خان کےآنےسےباہمی تعلقات میں گرمجوشی آئی، پاک بھارت کشیدگی میں سعودی عرب نےتناؤ کم کرنے کی کوشش کی، پاکستان میں فنون لطیفہ کے ادارے بہت مضبوط ہیں، سعودی عرب کوفنون لطیفہ سے متعلق مدد دے سکتے ہیں۔
وزیراطلاعات نے کہا سعودی عرب کےشہریوں کےلیے ویزے کی شرط ختم کردی ہے،اب سعودی عرب کے شہری ایئرپورٹ پر ہی ویزہ لے سکتے ہیں ، امید ہے سعودی شہری بڑی تعدادمیں پاکستان آئیں گے۔
ان کا کہنا تھا سعودی عرب کی جانب سےسیاحت پاکستانی معیشت کی سنبھالا دینے کے لیے ضروری ہے ، سعودی عرب نے قیام کے فوری بعد ہی پاکستان کو تسلیم کیا، حکومتی اقدامات سے پاکستان میں سیاحت کو فروغ مل رہا ہے۔
مزید پڑھیں : پاکستان اور سعودی عرب کا فلم ڈراما پروڈکشنز میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
فوادچوہدری نے کہا سعودی عرب سے ڈارموں کے تبادلے کریں گے، ہم چاہتے ہیں کہ سعودی ایئرلائن میں پاکستانی موادپیش کریں، ہمارے ہیں سینیما کلچرکی تجدید ہورہی ہے، سعودی حکام چاہتےہیں پاکستانی سرمایہ کاران کے یہاں سینما بنائیں۔
وزیراطلاعات کا کہنا تھا ہمارے ڈراموں کامعیارکافی بہترہے،فلموں کا معیار بھی بہتر ہوا، پاکستانی فلمیں لگتی ہیں تو بھارتی فلمیں بزنس نہیں کر پاتیں۔
یاد رہے گذشتہ روز وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے سعودی وزیر ثقافت سے بات چیت کے دوسرے دور میں دونوں ممالک کے درمیان فلم اور ڈراما پروڈکشنز میں تعاون بڑھانے کے لیے ورکنگ گروپ پر اتفاق ہو ا تھا۔
وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستانی سعودی عرب کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، ولی عہد کے دورہ پاکستان کے بعد تعاون میں جدت آئی، پاکستان میں سعودی شہریوں کے لیے آن ارائیول ویزے کی سہولت دی گئی ہے، عرب ممالک کے سیاح پاکستانی معیشت میں کردار ادا کریں گے۔
خیال رہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین گزشتہ روز سعودی عرب کے دورے پر ریاض پہنچے تھے جہاں ان کا استقبال ایئر پورٹ پر پاکستان کے سفیر اعجاز راجا اور سعودی کلچرل وزارت کے حکام نے کیا تھا۔