راولپنڈی : زہر خوانی سے ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کی حالت بگڑ گئی، وسیم نامی شخص کی بیوی اور ایک بیٹا جاں بحق ہوگئے، وسیم اور دو بچے زیرعلاج ہیں۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے علاقے بوہڑ بازار میں چائے پینے سے ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کی حالت غیر ہوگئی جنہیں طبی امداد کیلئے ڈسٹرکٹ اسپتال منتقل کیا گیا، متاثرہ افراد میں گھر کا سربراہ وسیم بھی شامل ہے۔
وسیم اور اس کے دو بچوں دس سالہ جویریہ اور تیرہ سالہ ارحم کی حالت تشویشناک ہے، اہلیہ اور آٹھ سالہ ابراہیم نے اسپتال پہنچتے ہی دم توڑ دیا۔ پولیس کو واقعے کی اطلاع اسی عمارت میں رہائش پذیرعمارت کے بیرون ملک مقیم مالک کے بھتیجے جنید نے دی۔
ڈی ایس پی سٹی اعجازشاہ کا کہنا ہے کہ چائے میں زہردیا گیا یا اجتماعی خودکشی ہے، تحقیقات کررہےہیں۔ وسیم کے ذمہ عمارت کے مالک کی جائیداد کی دیکھ بھال تھی۔ وسیم کی بہن بھی اہل محلہ کی اطلاع پرجائے وقوع پر پہنچ گئی۔
اسپتال انتظامیہ نے بتایا ہے کہ تمام افراد کی ابتدائی رپورٹ میں ثابت ہوا ہے کہ سب نے زہریلی چائے پی اور مبینہ طور پر تمام افراد نے اجتماعی خودکشی کی، پولیس حکام کے مطابق وقاعے تفتیش جاری ہے جلد اصل صرتحال تک پہنچ جائیں گے ۔