چنیوٹ : جواری شوہر اپنی بیوی کو جوئے میں ہار گیا، جواریوں کے ساتھ تعلقات بنانے کے انکار پر تیز دھار آلے سے اس کا چہرہ بگاڑ دیا, زخمی خاتون جان بچا کر تھانے پہنچ گئی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے مختلف شہروں میں خواتین پر تشدد کے واقعات بڑھتے جا رہے ہیں، چنیوٹ کے نواحی علاقے میں شوہر علی رضا نے بیوی مہوش کے چہرے پر تیز دھار آلے سے زخم لگا دیئے، زخموں سے چُور خاتون تھانے پہنچ گئی۔
مہوش نے پولیس کو بیان دیا کہ میں نویں کلاس کی طالبہ ہوں پیپر دینے کیلئے اپنے میکے گئی ہوئی تھی، گزشتہ رات علی رضا مجھے واپس گھر لے گیا۔
شوہر جوئے میں مجھے ہارگیا تھا اور دوستوں کے ساتھ وقت گزارنے کا کہا، میرے انکار پرعلی رضا غصے میں آگیا اور مجھے کمرے میں بند کردیا، شوہر نے تیز دھار آلے سے میرے چہرے پر کٹ لگائے۔
مہوش کا کہنا تھا کہ نویں جماعت کی طالبہ ہوں، شوہرنے میری رول نمبر سلپ بھی پھاڑ دی، شوہر نے دھمکی دی تھی بات نہ مانی تو مستقبل بھی خراب کردوں گا۔
میں نے زخمی حالت میں گھر سے بھاگ کر جان بچائی، مہوش کے اہلخانہ نے ارباب اختیار سے نوٹس لینے اور ملزم کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔