اسلام آباد : ترجمان قومی اسمبلی نے شاہد خاقان عباسی کی جانب سے اسپیکر اسد قیصر پر لگائے جانے والے الزام کو یکسر مسترد کردیا ہے، ترجمان نے واضح کیا کہ وہ کسی کے دباؤ میں کام نہیں کرتے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان قومی اسمبلی نے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے ان الزامات کو یکسر مسترد کردیا ہے کہ جس میں ان کا کہنا تھا کہ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر حکومت اور پی ٹی آئی کے دباؤ میں کام کرتے ہیں۔
اس حوالے سے ترجمان قومی اسمبلی نے اپنے وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ اسپیکر پر کسی قسم کا کوئی دباؤ نہیں اور نہ ہی وہ کسی کے دباؤ میں کام کرتے ہیں، اس بات کا ثبوت دیا جائے کہ اسپیکر نے کس سے کہا تھا کہ وہ دباؤ میں کام کررہے ہیں۔
ترجمان کے مطابق اسد قیصرغیر جانبدارانہ اور آزادانہ طور پر اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں، اسپیکر اسد قیصر پردباؤ میں کام کرنے کا الزام سراسر بے بنیاد ہے۔
اسپیکرقومی اسمبلی پرحکومت اورپی ٹی آئی کا دباؤ ہے، شاھد خاقان عباسی
یاد رہے کہ شہبازشریف کی زیرصدارت مشترکہ اپوزیشن کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا تھا کہ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر پرحکومت اور پی ٹی آئی کا دباؤ ہے، جس کی وجہ سے وہ ایوان کو چلا نہیں سکتے۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی کہتے ہیں کہ پروڈکشن آرڈر جاری نہیں کرسکتا. اس کے علاوہ وہ ایوان میں کوئی ڈیبیٹ تک نہیں کراسکتے، قانون میں کسی بھی تبدیلی کے لئے اسمبلی میں بحث ضروری ہے۔