کراچی: شہرقائد میں اسٹریٹ کرائم کا جن بے قابو ہوگیا، لوٹ مار کے دوران مزاحمت پرموٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے آٹھویں جماعت کے 15سالہ طالب علم کی جان لے لی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی میں موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے8ویں جماعت کے طالب علم احسن کو لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر گولی مار کر شہید کردیا۔
طالب علم احسن گھر کے باہر موبائل پر گیم کھیل رہا تھا، اس دوران ڈاکو پہنچ گئے ،ڈاکو موبائل چھین کر فرار ہورہے تھے، تو مقتول نے مزاحمت کی کوشش کی تو ڈاکوؤں نے گولی مار کر موت کے گھاٹ اتار دیا، خبر گھر والوں پر قیامت بن کر ٹوٹ پڑی۔
مقتول کے والد نے بتایا کہ میرا بیٹا احسن ٹیوشن پڑھ کر آیا تھا، گھر کے باہر موبائل فون پرگیم کھیل رہا تھا، 15سال کا احسن آج ہی آٹھویں جماعت کے پیپرز دے کر فارغ ہوا تھا، والد کا روتے ہوئے کہنا تھا کہ میرے بیٹے سے تھپڑ مار کر موبائل فون چھین لیتے، گولی کیوں ماری؟
دوسری جانب مبینہ ٹاؤن سے پولیس نے اسٹریٹ کرائم میں ملوث ملزم کو گرفتار کرکے غیر قانونی اسلحہ اور گولیاں برآمد کرلیں۔
واضح رہے کہ شہر قائد میں موبائل فونز چھیننے کی وارداتیں ایک بار پھر عروج پر پہنچ گئیں، کراچی میں اسٹریٹ کرائمز کا جن نہ صرف بے قابو ہے بلکہ ڈکیتی، موبائل چھیننے کی وارداتوں میں گزشتہ تین ماہ سے تشویشناک حد تک اضافہ ہوا ہے۔