کراچی: شہر قائد میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر تین ماہ میں 8 لاکھ 39 ہزار چالان کیے گئے، شہریوں سے 20 کروڑ 9 لاکھ سے زائد جرمانہ وصول کیا گیا، 4 ہزار 152 افراد کو گرفتار کرکے مقدمات درج کیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی ٹریفک جاوید مہر نے کہا ہے کہ قانون سے کوئی بھی بالاتر نہیں ہے، ٹریفک قوانین کی پاسداری سب پر لازم ہے، خلاف ورزی پر چالان اور جرمانہ ادا کرنا پڑے گا، ٹریفک پولیس صرف شہریوں کے ہی نہیں بلکہ پولیس افسران اور اہلکاروں کے چالان بھی کررہی ہے۔
ڈی آئی جی ٹریفک کے مطابق رواں سال کے ابتدائی 3 ماہ کے دوران سب سے زیادہ چالان 4 لاکھ 24 ہزار 46 مخالف سمت کی خلاف ورزی پر کیے گئے جس میں غفلت و لاپروائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گاڑی چلانے والے 4 ہزار 15 افراد کو گرفتار کرکے زیر دفعہ 279 کے تحت مقدمات بھی قائم کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ بغیر ہیلمٹ کے موٹر سائیکل چلانے والوں کے 2 لاکھ 65 ہزار 650 چالان کیے گئے اسی طرح سے فینسی نمبر پلیٹ پر 12 ہزار 192، اوپن لیٹر پر گاڑی چلانے پر 12 ہزار 813، بغیر نمبر پلیٹ کے گاڑی چلانے پر 10 ہزار 90 چالان کیے گئے۔
مزید پڑھیں: قانون کی خلاف ورزی : ٹریفک اہلکاروں نے پولیس موبائل کا بھی چالان کردیا
ڈی آئی جی ٹریفک کے مطابق بغیر رجسٹریشن نمبر کے گاڑی چلانے پر 4 ہزار 623، سگنلز کی خلاف ورزی پر 13 ہزار 876، کم عمری میں گاڑی چلانے والوں کے 15 ہزار 403 چالان کیے گئے۔
جاوید مہر نے بتایا کہ دوران ڈرائیونگ سیٹ بیلٹ کا استعمال نہ کرنے پر 18 ہزار 186، غیرقانونی چنگ چی رکشا کے 536، زائد نشست والے سی این جی رکشا کے 14 ہزار 217 چالان کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ شہر میں ٹریفک جام کے مسائل ضرور ہیں لیکن اس کی تمام ذمہ داری ٹریفک پولیس پر عائد کردی جائے یہ مناسب نہیں، مختلف علاقوں میں جاری ترقیاتی کام، ٹوٹ پھوٹ کا شکار سڑکیں، سیوریج نظام کی خرابی کے باعث سڑکوں پر پانی جمع ہوجانا اور تجاوزات سمیت دیگر وجوہات کے باعث ٹریفک جام ہوجاتا ہے۔