گھوٹکی: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مہنگائی کے سونامی نے عوام کی زندگی اجیرن کردی، عوام ریلیف چاہتے ہیں.
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ گھوٹکی کے عوام نے بھی وزیراعظم کو مسترد کر دیا، پاکستان کےعوام کومہنگا پاکستان نہیں چاہیے.
انھوں نے مزید کہا ہے کہ خوش ہوں کہ عمران خان سندھ کو وقت دے رہے ہیں، عوام دشمن حکومت معاشی اور جمہوری حق چھیننا چاہتی ہے، عمران خان سندھ آئیں اوربار بار آئیں، لیکن عوام کو دھوکا نہ دیں، جلسے کرنا اپوزیشن کا کام ہے، پی ٹی آئی حکومت چلائے.
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کراچی کو جو پیکج ملے، عوام ان کا حساب مانگ رہے ہیں، ہم کے ایم سی سے مل کرکام کرنا چاہتے ہیں، وفاق نے سندھ کے وسائل پرڈاکا ڈالا، فنڈز نہیں دیے جا رہے، پیپلز پارٹی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف لڑتی رہے گی.
عوام چاہتے ہیں، 50 لاکھ گھراور ایک کروڑ نوکریاں ملیں، حکومت وعدوں پر پورا اترے، ورنہ ہم اورعوام مل کر حکومت کے خلاف نکلیں گے، آپ صرف بنی گالہ کے نہیں، پورے ملک کے وزیراعظم ہیں، ایم کیو ایم کو تجویز دیتا ہوں، کراچی کےعوام کے لئے کام کریں.
مزید پڑھیں: اٹھارہویں ترمیم کو ختم کرنے کی کوشش کی تو دمادم مست قلندر ہوگا، بلاول بھٹو
ایسا وزیر خزانہ چاہیے ہیں، جو یہ نہ کہے، مجھے زراعت سے متعلق معلوم نہیں، لگتا ہے، عمران خان مودی کے لئے مہم چلا رہے ہیں.
ان کا مزید کہنا تھا کہ امن ہوگا، اقلیتوں اورشہریوں کوتحفظ ملے گا، تو پھرہم مانیں گے، میں شروع سے کرپشن کے خلاف بات کرتا تھا اور رہوں گا، پیپلزپارٹی واحد پارٹی ہے، جس کے پاس انسداد کرپشن کی پالیسی ہے.
ان کا کہنا تھا کہ خان صاحب کی سیاست نیب سے شروع ہو کرنیب پر ختم ہوتی ہے، نیب کا رول ہی یہی رہا کہ وہ سیاسی انتقام لے، ن لیگ سے ہمارا ایک اچھا تعلق ہے، کوآرڈینیشن اچھی ہے.