لاہور: ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ آج پاکستان ویسے ہی چل رہا ہے، جیسے پشاور کی میٹرو چل رہی ہے.
ان خیالات کا اظہار انھوں نے وزیراعظم عمران خان کے آج کے خطاب پرردعمل دیتے ہوئے کیا. ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم پریشان اور گھبرائے ہوئے تھے، کوئی حکومت نہیں گرا رہا، اس لیے کہ آپ کی زبان کافی ہے.
مریم اورنگزیب نے کہا کہ ابھی تو اپوزیشن نے بولنگ ہی نہیں کرائی اور آدھی ٹیم ہٹ وکٹ ہوگئی، ملکی مفاد میں بیٹنگ آرڈر نہیں، کپتان کی تبدیلی ہے.
مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیر اعظم صاحب، اب شور کرنے سے بات نہیں بنے گی، 9 ماہ عوام جس کرب سے گزرے، اس کا جواب آپ کو دینا ہوگا، عوام جان چکے کہ پاکستان پشاور میٹرو کی طرح چل رہا ہے.
مزید پڑھیں: لوگوں کے زخموں پر نمک چھڑک کر انہیں بھڑکانا درست نہیں: وزیر اعظم
انھوں نے مزید کہا کہ کابینہ کاحجم بڑھانے سے نہیں، نیت ٹھیک کرنے سے کارکردگی بہتر ہوگی.
یاد رہے کہ آج ضلع اورکزئی میں خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا تھا کہ ایک اچھا کپتان مسلسل اپنی ٹیم کی طرف دیکھ رہا ہے، کئی مرتبہ کپتان پرانے کھلاڑی کی جگہ نیا کھلاڑی لاتا ہے، کپتان کا صرف ایک مقصد ہوتا ہے اپنی ٹیم کو جتوائے۔ میں نے اپنی ٹیم میں بیٹنگ آرڈر بدلا ہے آئندہ بھی بدلوں گا۔