کراچی : پی آئی اے انتظامیہ نے فضائی میزبانوں کے تبادلوں کا فیصلہ کرتے ہوئے85سے زائد مرد و خواتین میزبانوں کا ٹرانسفر کردیا۔
تفصیلات کے مطابق پی آئی اے انتظامیہ نے شعبہ فلائٹ سروسز میں بڑے پیمانے پر تبادلے کیے ہیں،85سے زائد فضائی میزبانوں کے اسلام آباد تبادلے کردیئے گئے، جن میں خواتین فضائی میزبان بھی شامل ہیں۔
زیادہ ترتبادلے ہونے والوں کا تعلق کراچی سے ہے۔ اے آر وائی نیوز کو فضائی میزبانوں کے تبادلوں کی فہرست موصول ہوگئی.
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ تبادلے اسلام آباد میں فضائی میزبانوں کی کمی کے باعث کیے گئے ہیں، بیرون ملک جانے والی پروازوں کا سب سے زیادہ آپریشن اسلام آباد سے ہوتا ہے۔
مزید پڑھیں: پیرس میں پی آئی اے کی فضائی میزبان کے غائب ہونے پر انتظامیہ کا سخت ایکشن
ترجمان پی آئی اے نے کہا ہے کہ فضائی میزبانوں کا تبادلہ ضرورت کے تحت کیا گیا ہے، اسلام آباد اور لاہور سے بین الاقومی پروازوں کی آمدورفت زیادہ ہے، زیادہ تر ایسے فضائی میزبانوں کا ٹرانسفر کیا گیا ہے جو کراچی کے ہاسٹلز میں رہائش پذیر تھے۔