اسلام آباد : اسلام آباد ہائی کورٹ نے فورتھ شیڈول میں شامل ممبراسمبلی کی نااہلی پر فیصلہ سناتے ہوئے کہا الیکشن کمیشن کے پاس فورتھ شیڈول میں شامل ممبراسمبلی کونااہل کرنے کا اختیار نہیں۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ نے ”فورتھ شیڈول میں شامل ممبراسمبلی کی نااہلی ہوسکتی ہے یانہیں “کے حوالے سے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے، جسٹس عامرفاروق نے خیبرپختونخواہ سے ایم پی اے کی درخواست پرمختصرفیصلہ سنادیا۔
فیصلے میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن کے پاس فورتھ شیڈول میں شامل ممبراسمبلی کو نااہل کرنے کا اختیار نہیں۔
پی کے 89 بنوں سے پی ٹی آئی ایم پی اے شاہ محمد نے درخواست دائرکی تھی، ایم پی اے شاہ محمد خان کی جانب سے ڈاکٹربابر اعوان نے کیس کی پیروی کی، ایم پی اے شاہ محمد اور ممبر ضلع کونسل بنوں کو فورتھ شیڈول میں نام کی وجہ سے نااہل کیا گیا تھا۔
یاد رہے 21 ستمبر2017کو الیکشن کمیشن نے ایم پی اے، ممبر ضلع کونسل کی نااہلی کا حکم سنایا تھا، خیبر پختونخواہ سے پی ٹی آئی ایم پی اے شاہ محمد خان اور ممبر ضلع کونسل بنوں گل باز خان نااہل ہوئے تھے۔
واضح رہے فروری 2019 میں وفاقی وزارتِ داخلہ نے فورتھ شیڈول میں شامل افراد پر مزید پابندیاں عائد کرتے ہوئے مشکوک افراد پر پاسپورٹ آفس کے دروازے بند اور بینک اکاؤنٹس منجمد کردیے تھے۔
فورتھ شیڈول کیا ہے؟
فورتھ شیڈول انسداد دہشت گردی قانون کے تحت ترتیب دی جانے والی وہ فہرست ہے جس میں ان شخصیات کے نام شامل کیے جاتے ہیں جن کے متعلق دہشت گردانہ یا فرقہ وارانہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا شبہ ہو یا پھر ایسے خدشات ہوں کہ ان کا تعلق کالعدم جماعتوں یا مشکوک افراد کے ساتھ ہو۔
فورتھ شیڈول میں شامل افراد کسی بھی قسم کی مذہبی یا سیاسی سرگرمیوں میں حصہ نہیں لے سکتے ہیں، فہرست میں نام صوبائی حکومت کی سفارش پر شامل کیا جاتا ہے۔