واشنگٹن : امریکی واچ ڈاگ کا کہنا ہے افغانستان کی حکومت امن کے لیے تیار نہیں، طالبان کے معاشرے میں دوبارہ انضمام تک ملک میں امن قائم نہیں ہوسکتا۔
تفصیلات کے مطابق سپیشل انسپکٹر جنرل فار افغانستان ری کنسٹرکشن (سیگار)کی جانب ایک رپورٹ جاری کی گئی ہے۔
رپورٹ میں کہاگیاکہ افغانستان امن کے لیے اس وقت تک تیار نہیں جب تک ملک کی اعلی قیادت طالبان کے معاشرے میں دوبارہ انضمام کے لیے باقاعدہ حکمت عملی کا تعین اور بد عنوانی کے خاتمے کے لیے اقدامات نہیں کرتی اور منشیات کے مسئلے سے نہیں نمٹتی۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ امریکی حکومت افغان سکیورٹی دستوں پر سالانہ پانچ بلین ڈالر خرچ کرتی ہے۔
یاد رہے چند روز قبل امریکی امن مندوب برائے افغانستان زلمے خلیل زاد نے کہاتھا افغانستان کے حوالے سے کسی بھی امن ڈیل کا دار و مدار طالبان کی جانب سے فائر بندی پر ہے، طالبان کو مکمل فائر بندی اور ملک میں طویل عرصے سے جاری خانہ جنگی کے خاتمے کے عزم کا اظہار کرنا چاہیے۔
مزید پڑھیں : افغان حکومت اورطالبان کےدرمیان مذاکرات آخری لمحات میں منسوخ
خیال رہے رواں ماہ 19 اپریل کو افغان طالبان اور افغان حکومت کے درمیان قطر میں ہونے والے مذاکرات آخری لمحات میں منسوخ کردیے گئے تھے، ترجمان افغان صدارتی محل نے مذاکرات منسوخی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا مذاکرات افغان وفدپرقطری حکومت کے اعتراض پر منسوخ ہوئے۔
طالبان نے مذاکرات کے لئے افغان حکومت کے 250 رکنی وفد پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا یہ کانفرنس ہے شادی کی تقریب یا دعوت نہیں جبکہ طالبان سے ملاقات کےلئے افغان حکام نے 250 رکنی وفد کی فہرست جاری کی تھی۔