جمعہ, مئی 16, 2025
اشتہار

جعلی اکاؤنٹس کیس: آصف زرداری اورفریال تالپورکی پیشی، سماعت 21 مئی تک ملتوی

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : اسلام آباد کی احتساب عدالت میں جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں آصف علی زرداری اورفریال تالپور عدالت میں پیش ہوئے، عدالت نےکیس کی سماعت اکیس مئی تک ملتوی کردی، کیس میں آصف زرداری ،فریال تالپور سمیت تیس ملزمان نامزد ہیں۔

تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں جعلی اکاؤنٹس کیس میں آصف علی زرداری، فریال تالپور او دیگر ملزمان کیخلاف مقدمے کی سماعت ہوئی ، احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک نے کیس کی سماعت کی۔

سابق صدر آصف علی زرداری اور فریال تالپور آج تیسری بار عدالت میں پیش ہوئے، ریفرنس میں زرداری،فریال تالپور اور دیگر30 ملزمان نامزد ہیں۔

وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہا ریفرنس کی کاپیاں بنی ہیں کہ نہیں، جس پر نیب پراسیکیوٹر نے بتایا آفس میں جمع کرا دی گئی ہیں ، تفتیشی افسر علی احمد ابڑو سر پر چوٹ لگنے کی وجہ سے پیش نہیں ہوئے۔

جج ارشد ملک نے کہا ریفرنس کی کاپیاں ملزموں کو فراہم کی جائیں تو نیب پراسیکیوٹر کا کہنا تھا 28 کاپیاں تیار ہوئی ہیں باقی کی تیاری کے لئے وقت درکار ہے۔

وکیل صفائی نے بتایا اقبال خان نوری دوسرے ریفرنس میں گرفتار ہیں، زین ملک بون میرو کے مرض میں مبتلا ہیں حاضری سے استثنی دیا جائے، عدالت نے زین ملک کی آج کی حاضری سے استثنی کی درخواست منظور کر لی۔

نیب پراسکیوٹر کا کہنا تھا ملزم اعظم وزیر ملک سے باہر ہیں انٹر پول کے زریعے رابطہ کیا ہے، وکیل صفائی نے کہا ناصر عبداللہ بھی ملک سے باہر ہیں۔

فاروق ایچ نائیک نے کہا فارن نیشنلٹی ہولڈر پر نیب کا قانون لاگو نہیں ہوتا، 2002 میں نیب کے قانون میں ترامیم کی گئی جس کے بعد فارن نینشل ہولڈر کو گرفتار نہیں کر سکتے، 2002 سے پہلے نیب کے قانون میں ترمیم نہیں کی گئی تھی جس وجہ سے فارن نیشنلٹی ہولڈر کو گرفتار کیا جا سکتا تھا۔

جج ارشد ملک کا کہنا تھا فاروق ایچ نائیک کے پوائنٹ کو دیکھنا ہو گا، جس پر نیب پراسکیوٹر نے بتایا ملزمان کا رول دیکھا جایے گا کہ ریفرنس میں ملزمان کا رول کتنا اہم ہے، نیب پراسکیوٹر

جج ارشد ملک نے استفسار کیا ریفرنس کی کاپیوں کی تیاری کب تک ممکن ہے، جس کے جواب میں نیب پراسیکیوٹر نے کہا دس دن کا ٹائم درکار ہوگا۔

غیر حاضر ملزمان سے متعلق سوال پر عدالت نے پراسیکیوٹر نیب سے مکالمے میں کہا ایک ہی بندہ سارا کام کر رہا ہے آپکا ٹیم ورک نہیں ہے، پراسیکیوٹر نیب نے بتایا تفتیشی ہی پہلے بھی کیس دیکھ رہے تھے اب بھی انہی کو معلوم ہے، پراسیکیوٹر نیب

جج ارشد ملک نے ریمارکس دیئے ایک بندہ کس طرح سے یہ سب کرے گا، بعد ازاں جعلی اکاونٹس کیس کی سماعت 21 مئی تک ملتوی کردی۔

آصف زرداری کی طلبی پرسیکیورٹی کےسخت انتظامات کئے گئے، احاطہ عدالت میں پیپلزپارٹی کارکنوں سمیت تمام غیرمتعلقہ افراد کا داخلہ ممنوع تھا جبکہ اسلام آباد پولیس اور رینجرز کے اہلکار احتساب عدالت کی سیکیورٹی پر مامور تھے۔

مزید پڑھیں : جعلی اکاؤنٹس کیس : ایک اور ملزم شیر محمد بھی وعدہ معاف گواہ بننے کو تیار

گذشتہ سماعت میں ایک اور ملزم شیرمحمد وعدہ معاف گواہ بننے کو تیار ہوگیا تھا اور عدالت نے سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کی عبوری ضمانت میں 9 مئی تک توسیع کرتے ہوئے آصف علی زرداری اور فریال تالپور کو 20، 20 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کی تھی۔

عدالت نے عبدالغنی مجید، انور مجید اور حسین لوائی کو پیش کرنے کا حکم بھی دیا تھا۔

اس سے قبل عدالت نے 4 ملزمان کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے تھے، جن میں اقبال آرائیں ، اعظم وزیر ،عدنان جاوید اورنثارعبداللہ شامل تھے۔

یاد رہے 8 اپریل کو جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیش ہوئے تھے۔

سماعت کے دوران 2 ملزمان کرن اور نورین نے عدالت سے گواہ بننے کی استدعا کی تھی ، خواتین کا مؤقف تھا کہ ہم گواہ تھے، ہمیں ملزمان کی فہرست میں شامل کردیا گیا، گواہی کے لیے چیئرمین نیب کو درخواست بھی دے رکھی ہے، ہم وکیل کے اخراجات برداشت نہیں کر سکتے۔

اہم ترین

مزید خبریں