اسلام آباد : عید سے پہلے پیٹرول کی قیمت میں 9 روپے 50پیسے فی لیٹر اضافے کا امکان ہے، اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری ارسال کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری ارسال کردی، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بارہ روپے تک کا اضافہ متوقع ہے۔
ارسال کی گئی سمری کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں نو روپے پچاس پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل گیارہ روپے پچاس پیسے جبکہ لائٹ ڈیزل سات روپے پچاسی پیسے مہنگا کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
مٹی کے تیل کی قیمت میں بھی بارہ روپےتک کا اضافہ تجویز کیا گیا ہے۔
اوگرا کے مطابق روپے کی قدر میں کمی اورعالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں اضافے کے باعث پیٹرولیم مصنوعات مہنگی کرنےکی تجویز دی گئی ہے۔
یاد رہے رواں ماہ کے آغاز پر بھی حکومت نے پیٹرول کی قیمتوں میں 9 روپے 42 پیسے، ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے 89 پیسے جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 7 روپے 46 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا تھا۔
مزید پڑھیں : پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ، پیٹرول 9 روپے 42 پیسے مہنگا
ہائی اسپیڈل ڈیزل کی قیمت 4 روپے 89 پیسے فی لیٹر بڑھا دی گئی تھی، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 122 روپے 32 پیسے فی لیٹر ہوگئی جبکہ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 86 روپے 94 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی تھی۔
بعد ازاں معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عالمی سطح پر تیل کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے، قیمتوں میں اضافے کا بوجھ حکومت اور عوام کو مل کر برداشت کرنا پڑے گا۔
واضح رہے کہ اوگرا نے پیٹرول 14 روپے 37 پیسے فی لیٹر مہنگا کرکے 113 روپے کرنے کی سفارش کی تھی، تاہم وفاقی کابینہ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا معاملہ ای سی سی کو بھجوایا تھا، جس کے بعد اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 9 روپے اضافے کی سفارش کی تھی۔