فیصل آباد: صوبہ پنجاب کے شہر فیصل آباد میں 7 سالہ گھریلو ملازمہ پر تشدد کرنے والے میاں بیوی کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی گئی۔
تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کی نثار کالونی میں 7 سالہ گھریلو ملازمہ ماریہ پر میاں بیوی نے تشدد کیا، بچی کے بازوؤں، چہرے اور کانوں پر زخم کے نشانات موجود ہیں۔
گھریلو ملازمہ ماریہ پولیس کو رات گئے سڑک پربھاگتی ہوئی ملی تھی، پولیس نے بچی کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی تحویل میں دے دیا، بچی کے ہاتھوں کی انگلیاں بھی ٹوٹی ہوئی ہیں۔
چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے مطابق ملزم اویس اور بیوی سونیا فرار ہوچکے ہیں۔ بچی سے زیادتی کیے جانے کا بھی شبہ ہے، فرانزک کے لیے نمونے لاہوربھجوا دیے گئے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق بچی کے میڈیکل کے بعد ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے۔
ماریہ نے اپنے بیان میں کہا کہ گھرکا مالک اورمالکن تشدد کا نشانہ بناتے تھے، ابو فوت ہوگئے ہیں، امی ایک سال پہلے کام پر چھوڑ کرگئیں اور دوبارہ ملنے نہیں آئی۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو نے مالکن کی جانب سے تشدد کا نشانہ بننے والی 10 سالہ گھریلو ملازمہ کو لاہورکے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی کے ایک گھر سے بازیاب کرایا تھا۔