اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ نے ضمنی الیکشن کے لیے خزانوں کے منہ کھولے۔ وزیر اعظم کے دورے میں نہ کوئی میڈیا ٹاک ہوئی نہ کوئی سیاست بیانات دیے گئے، الیکشن کمیشن کا نوٹس تعجب کا باعث ہے۔
تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کل الیکشن کمیشن نے وزیر اعظم کو نوٹس جاری کیا، نوٹس کا جاری ہونا تعجب کا باعث بنا۔
معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ کابینہ کے رکن کی وفات پر اہلخانہ کو مدد کا یقین دلایا گیا، کوئی میڈیا ٹاک ہوئی نہ کوئی سیاست بیانات دیے گئے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے ضمنی الیکشن کے لیے خزانوں کے منہ کھولے۔ پیپلز پارٹی امیدوار کاغذات جمع کروانے بھی پولیس گاڑیوں کے ساتھ گیا۔ پی پی رہنما باقاعدہ سرکاری وسائل کے ساتھ انتخابی مہم چلا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کے اداروں کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں، ایک رہنما پروڈکشن آرڈر پر اسمبلی میں آئے اور تقریر کی، موصوف نے تقریر کے دوران دبے الفاظ میں این آر او مانگا۔
معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ موصوف نے کہا یہ حساب کتاب کا عمل بند ہونا چاہیئے، وزیر اعظم نے تو کہا تھا حساب اور کتاب کا عمل جاری رہے گا۔ عمران خان نے اداروں کو آزاد کیا ہے، طاقتور نے اداروں کو یرغمال بنایا تھا ان کو آزاد کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایک دستور کی کتاب ہے ہم سب کو اس کے تابع ہونا ہے۔ ہمیں زندگی گزارنے کے لیے قانون کے تابع ہونا ہے، ہمیں قائد اعظم کے خواب کو تعبیر دینی ہے۔