واشنگٹن: امریکا نے ایران سے جاری کشیدگی کے خاتمے کے لیے ایک بار پھر مذاکرات کی پیشکش کردی۔
تفصیلات کے مطابق امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو کا کہنا ہے کہ کشیدگی کے خاتمے کے لیے کسی پیشگی شرط کے بغیر مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے دورے پر ہیں جہاں وہ حالیہ کشیدگی پر بات چیت کررہے ہیں۔
روانگی سے قبل صحافیوں سے گفتگو میں انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ مجھے یقین ہے کہ تہران بھی بات چیت چاہتا ہے، بڑھتی ہوئی کشیدگی کے خاتمے کے لیے امریکا ایران کے ساتھ کسی پیشگی شرط کے بغیر مذاکرات کے لیے تیار ہے۔
مائیک پومپیو کا مزید کہنا تھا کہ امریکا خلیج میں ایران کے حریف ملکوں اور اپنے اسٹریٹجک اتحادیوں سے منسلک رہے گا اور ان کے تحفظ کو یقینی بنائے گا۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران سے گزارش ہے کہ دہشت گردی کی سرپرستی بھی بند کرے اور ایٹمی ہتھیار نہ بنائے۔
ایران سے گزارش ہے ایٹمی ہتھیار نہ بنائے، ڈونلڈ ٹرمپ
البتہ فریقین کے درمیان تناؤ تاحال برقرار ہے، قبل ازیں ایران نے بھی متعدد بار امریکا سے مذاکرات کا عندیہ دیا ہے تاہم عملی اقدامات نہیں کیے گئے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل ٹرمپ نے ایران پر مزید پابندیاں عائد کرنے کا عندیہ دیا تھا اور کہا تھا کہ ایران کے خلاف فوجی کارروائی کا امکان بدستور موجود ہے۔