لاہور : نیب اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کو منتقل ہونے والے لاکھوں ڈالرز کی تفصیلات سامنے لے آئی ، حمزہ شہبازکے اکاؤنٹس میں 2 ماہ میں 4 لاکھ 14ہزار 15 ڈالرز منتقل ہوئے۔
تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کو منتقل ہونے والے لاکھوں ڈالرز سے متعلق تفصیلات سامنے آگئیں، نیب نے حمزہ شہباز سے تفتیش سے متعلق رپورٹ احتساب عدالت میں جمع کرادی۔
نیب دستاویزات میں بتایا گیا حمزہ شہبازکے اکاؤنٹس میں 2 ماہ میں 4 لاکھ 14ہزار 15 ڈالرز منتقل ہوئے، رقم 2005 میں حمزہ شہبازکے 2 بینک اکاؤنٹس میں منتقل ہوئی۔
نیب کا کہنا ہے حمزہ شہباز نے 1جون 2005 کو 99 ہزار 965 امریکی ڈالرز 4 جون 2005 کو 83 ہزار 920 امریکی ڈالرز جبکہ 17 جون 2005 کو 99 ہزار 270 امریکی ڈالرز وصول کیے۔
دستاویزات کے مطابق 10 اگست 2005 کو حمزہ شہباز نے 65 ہزار 480 ڈالرز وصول کیے اور 10 اگست کو ایک اور ٹرانزیکشن سے 64 ہزار 980 ڈالرز وصول کیےگئے۔
مزید پڑھیں : آمدن سے زائد اثاثے کیس : حمزہ شہباز کے جسمانی ریمانڈ میں 10 جولائی تک توسیع
نیب کا کہنا تھا حمزہ شہباز سے رقوم بھیجنے والے افراد اور کمپنیوں کے50 بنک اکاؤنٹس سےمتعلق تفتیش کرنی ہے جبکہ 12ذاتی اکاؤنٹس سے متعلق بھی تفتیش کرنی ہے، حمزہ شہباز نیب تحقیقات میں تعاون نہیں کر رہے۔
گذشتہ روز اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کو آمدن سے زائد اثاثے کیس میں احتساب عدالت میں پیش کیا گیا تھا ، جہاں عدالت نے حمزہ شہباز کے جسمانی ریمانڈ میں 10 جولائی تک توسیع کردی تھی۔
یب پراسیکیوٹر نے موقف اختیار کیا کہ آمدن سے زائد اثاثوں کے حوالے سے ریکارڈ حاصل کر رہے ہیں، ایف بی آر کے ریکارڈ کے مطابق حمزہ شہباز کے خاندان کے 2005 میں پانچ کروڑ کے اثاثے تھے۔ ایف بی آر کے پاس 2006 سے 2009 تک اثاثوں کی تفصیلات موجود نہیں۔
نیب کا کہنا تھا حمزہ شہباز نے اس عرصے میں پانچ نئی کمپنیاں بنائیں جن میں انیس کروڑ کا سرمایہ لگایا گیا اور آج تک اس سرمایہ کے ذرائع نہیں بتائے، حمزہ شہباز کے اکاونٹ میں 18 کروڑ روپے باہر سے آئے، جب سے جسمانی ریمانڈ پر ہیں حمزہ شہباز اسمبلی ہی جاتے رہے، انہوں نے کسی سوال کا جواب نہیں دیا۔