کیمبرج: برطانوی شہر میں ایک اژدہا فرار ہو گیا، پولیس نے شہریوں کو خبردار کر دیا، جس کے بعد شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز صبح کے وقت مشہور برطانوی شہر کیمبرج میں 9 فٹ طویل اژدہا اپنے مالک کی قید سے آزاد ہو کر فرار ہو گیا، جسے ایک مقامی سڑک پر دیکھا گیا۔
پولیس نے سانپ کے فرار کے بعد علاقے کے رہایشیوں کو خبردار کیا کہ وہ گھروں سے نکلتے وقت محتاط رہیں، کیوں کہ وہ انجانے میں پائتھن کا شکار ہو سکتے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق پولیس نے علاقے کا دورہ کر کے اژدہے کے مالک سے بھی ملاقات کی جس نے تصدیق کی کہ سانپ کی لمبائی تین میٹر ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل بھی مئی میں پولیس کو سڑک پر ایک بہت بڑا اژدہا رینگتا ملا تھا جو نارنجی اور سیاہ دھاری دار تھا جسے بعد ازاں پکڑ کر جنگلی حیات کے مرکز میں منتقل کر دیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ شہریوں کے اژدہا بہ طور پالتو جانور پالنے پر کوئی پابندی نہیں ہے، متعدد شہریوں نے اژدہا پالے ہوئے ہیں۔
پائتھن وہ سانپ ہے جو زہریلے نہیں ہوتے، دو سے دس میٹر لمبے ہوتے ہیں اور یہ درختوں پر چڑھنے والے گوشت خور سانپ ہیں، اپنے شکار کو بھینچ کر ہلاک کر دیتے ہیں۔
یہ اژدہا بھارت، انڈونیشیا، فلپائن اور بورنیو میں پایا جاتا ہے، اپنے شکار کو جکڑ کر دماغ کو دوران خون روک دیتا ہے اور اس کی سانس رک جاتی ہے۔