کراچی: کلفٹن ڈویژن پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 8 ملزمان کو گرفتار کرلیا، گرفتار ملزمان میں 3 لڑکیاں بھی شامل ہیں، سعید آباد سے پولیس اہلکار کو قتل کرنے والے ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
ایس ایس پی ساؤتھ کے مطابق کلفٹن ڈویژن پولیس نے منشیات فروشی اور گاڑیوں کی چوری میں ملوث 8 ملزمان کو گرفتار کرلیا، گرفتار ملزمان میں تین لڑکیاں بھی شامل ہیں، گرفتار ملزمان میں میاں بیوی بھی شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق ملزم شاہ رخ اور اس کی بیوی نادیہ گاڑیاں چوری میں ملوث ہیں، گرفتارملزمان سے منشیات، اسلحہ اور چوری شدہ 5 گاڑیاں برآمد کرلی گئیں۔
ایس ایس پی ساؤتھ کا کہنا ہے کہ ملزمان کا نیٹ ورک بلوچستان میں ہے، ملزمان کو چھوٹی کار کے 30 سے 40 ہزا روپے ملتے تھے۔
مزید پڑھیں: کراچی، بچی کی نازیبا ویڈیو بنا کر بلیک میل کرنے والا ملزم گرفتار
پولیس کے مطابق گرفتارملزمان نے پوش علاقوں میں ڈانس پارٹیز میں کرسٹل اور آئس کی فروخت کا انکشاف کیا ہے، ملزمان کے نیٹ ورک نے بلوچستان میں نجی جیل بنا رکھی ہے۔
گرفتارملزمان کا کہنا تھا کہ فیس بک پیجز کے ذریعے آئس اور منشیات فروخت کی جاتی تھی، رقم کی آن لائن منتقلی کے بعد بتایا جاتا ہے فلاں سے منشیات اٹھا لو۔
ملزمان نے اعتراف کیا کہ کبھی کبھی منشیات پتھروں کے نیچے بھی چھپا کر دی جاتی ہے، کراچی کے فارم ہاؤسز اور ہاکس بے پر منشیات دیتے تھے، چوری کی گاڑی کے بدلے میں آئس منشیات مل جاتی تھی، منشیات کا نیٹ ورک خالد رئیسی، مطیع الرحمان چلتے ہیں۔
گرفتار ملزمہ نے اپنے بیان میں کہا کہ اسکول میں ٹیچنگ کرتی تھی، دوستوں سے منشیات کی لت لگی، پہلے دوستوں کے ساتھ پیتی تھی جب شادی ہوگئی تو پھر شوہرکے ساتھ نشہ کرنے لگ گئی۔
ادھر پولیس اہلکار زاہد عظیم کے قتل میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا، ڈی آئی جی ویسٹ کا کہنا ہے کہ موبائل شاپ پر ڈکیتی ہورہی تھی، پولیس اہلکار نے ری ایکٹ کیا، اہلکار ملزمان کے پیچھے دوڑا تو انہوں ںے فائرنگ کردی۔
ڈی آئی جی ویسٹ امین یوسف زئی کے مطابق ملزمان کی فائرنگ سے پولیس اہلکار شہید ہوا تھا، سعید آباد پولیس نے اسنیپ چیکنگ کے دوران ملزمان کو گرفتار کیا، ملزمان کے تیسرے مفرور ساتھی جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔