جمعہ, جولائی 4, 2025
اشتہار

مسئلہ کشمیر کے حل میں تاخیر پوری دنیا کے لیے خطرہ ہے، حریت کانفرنس

اشتہار

حیرت انگیز

سرینگر: مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے خبردار کیا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل میں مزید تاخیر کی گئی تو پوری دنیا کا امن خطرے میں پڑسکتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی مجلس شوریٰ کا اجلاس حیدر پورہ سرینگر میں منعقد ہوا جس کی صدارت جنرل سیکریٹری حاجی غلام نبی سمجھی نے کی۔ اجلاس میں مقبوضہ علاقے کی موجودہ سیاسی اور سماجی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں حریت چیئرمین سید علی گیلانی کی بگڑتی ہوئی صحت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جلد صحت یابی کے لیے دُعا کی گئی۔ اجلاس میں جموں وکشمیر کے مظلوم عوام کی جائز اور مبنی برحق جدوجہد کو فوجی طاقت سے کچلنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ تنازعہ کشمیر ایک سیاسی اور انسانی مسئلہ ہے اور اس کو بزور طاقت کچلنے کے لیے سامراجی ہتھکنڈے استعمال کرنا جمہوری تقاضوں کے بالکل منافی ہے۔

حریت رہنماؤں نے واضح کیا کہ یہ بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ ایک دیرینہ تنازعہ ہے اور اس کو تاریخی پسِ منظرمدنظر رکھ کر اور عوامی خواہشات کے مطابق حل کرنے سے جنوبی ایشیا میں غیر یقینی صورتحال کو ختم کیا جاسکتا ہے۔

اس موقع پر حاجی غلام نبی سمجھی نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ جدوجہد آزادی کے ساتھ ساتھ ہمیں اپنے معاشرے کو قبیح برائیوں سے پاک کرنے کے لیے بھی متحریک ہونا پڑے گا۔

اجلاس میں حریت رہنماﺅں محمد یٰسین عطائی، خواجہ فردووس، بلال احمد صدیقی، محمد یوسف نقاش، غلام محمد ناگو، حکیم عبدالرشید، شاہد سلیم، اقبال شاہین، سید بشیر اندرابی، مولوی بشیر احمد، سید محمد شفیع، فیروز احمد خان، زمرودہ حبیب، محمد مقبول ماگامی اور ارشد عزیزنے بھی شرکت کی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں