تازہ ترین

سزا معطل ہونے سے نااہل شخص الیکشن کیلئے اہل نہیں ہو سکتا،سپریم کورٹ نے واضح کردیا

اسلام آباد : سپریم کورٹ نے سزا معطلی اور انتخابی اہلیت سے متعلق اہم فیصلہ سناتے ہوئے واضح کیا ہے کہ سزا معطل ہونے سے نااہل شخص الیکشن کیلئے اہل نہیں ہو سکتا، سزا کالعدم ہونے تک نااہلی برقرار رہے گی۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نے سزا معطلی اور انتخابی اہلیت سے متعلق اہم فیصلہ جاری کر دیا، آٹھ صفحات پر مشتمل فیصلہ جسٹس اعجاز الاحسن نے تحریر کیا ہے۔

سپریم کورٹ نے اپنے ریمارکس میں کہا ہے کہ اپیل معطل ہونے سے سزا پر کوئی اثر نہیں پڑتا، سزا معطلی سے جرم ثابت ہونے کی وجوہات ختم نہیں ہوتیں، سزا معطل ہونے سے نااہل شخص الیکشن کیلئے اہل نہیں ہو سکتا۔

فیصلے میں سپریم کورٹ نے واضح کیاہے کہ سزا کالعدم ہونے تک نااہلی برقرار رہے گی اور انتخابی اہلیت سزا معطلی کے وقت عدالت کی تحریری اجازت سے ہو سکتی ہے۔

سپریم کورٹ نے فیصلہ گجرات کے بلدیاتی امیدوار کی درخواست پر سنایا۔

یاد رہے چند روز قبل چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس آصف کھوسہ نے گرانٹ کی رقم ادا ئیگی مہلت میں توسیع کی درخواست کی سماعت کے دوران ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ ہائی کورٹ کےمعاملات میں مداخلت نہیں کرسکتی ، ستر سالہ تاریخ ہے نچلی عدالتوں کے معاملات میں دخل نہیں دیتے۔

چیف جسٹس کا کہنا تھا نچلی عدالتوں میں بہت زیادہ ناانصافی پر سپریم کورٹ مداخلت کا سوچ سکتی ہے۔

Comments

- Advertisement -