ریاض: سعودی عرب کی وزارتی کونسل نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ خطہ خلیج میں جہاز رانی کے تحفظ اور اس کو درپیش خطرات سے نمٹنے کے لیے ضروری اقدامات کرے۔
عرب میڈیا کے مطابق سعودی وزارت کونسل کا ہفتہ وار اجلاس سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت ہوا جس میں خطے میں تجارتی جہاز رانی کو درپیش خطرات اور ان سے نمٹنے کے بارے میں غور کیا گیا۔
وزارتی کونسل نے کہا کہ بین الاقوامی جہاز رانی کی آزادی کی کوئی خلاف ورزی بین الاقوامی قانون کی بھی خلاف ورزی ہے۔
واضح رہے کہ ایران کے پاسداران انقلاب نے گزشتہ ہفتے خلیج میں برطانیہ کے ایک پرچم بردار آئل ٹینکر کو پکڑ لیا تھا، یہ کارروائی رواں ماہ جبل الطارق میں برطانیہ کے شاہی بحریہ کی کارروائی میں ایک ایرانی جہاز کو تحویل میں لینے کے ردعمل میں کی تھی۔
مزید پڑھیں: جہاز رانی میں رکاوٹ ایران کو مشکل سے دوچار کردے گی، جیریمی ہنٹ
ایران کے اس جہاز پر تیل لدا ہوا تھا اور اس کو یورپی یونین کی پابندیوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شام بھیجا جارہا تھا، ان دونوں واقعات کے بعد تیل کی حمل و نقل کے لیے استعمال ہونے والی خلیج کی اہم آبی گزرگاہ میں کشیدگی پیدا ہوچکی ہے اور ایرانی لیڈر اب آئے دن دھمکی آمیز بیانات جاری کررہے ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق وزارتی کونسل نے مقبوضہ بیت المقدس کے نواح میں واقع گاؤں صور باہر میں اسرائیل کے قابض حکام کی فلسطینیوں کے مکانوں کی مسماری کے لیے جارحانہ کارروائی کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
یاد رہے کہ اسرائیلی فوج نے گزشتہ روز اس گاؤں میں بھاری مشینری اور دھماکا خیز مواد سے فلسطینیوں کے مکانوں کو منہدم کردیا تھا۔