کراچی: وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے ایک اور بڑا فیصلہ سامنے آیا ہے، تحقیقی مراکز کی گرانٹ میں 2 ارب روپے بڑھا دیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ نے ریسرچ سینٹرز کی گرانٹ میں دو ارب روپے کا اضافہ کر دیا ہے، یہ اقدام ٹاسک فورس سائنس اور ٹیکنالوجی کے چیئرمین کی سفارش پر کیا گیا۔
وفاقی کابینہ 2 ارب کی یہ اضافی رقم پلاننگ کمیشن کی مشاورت سے تقسیم کرے گی، وزیر اعظم عمران خان نے بھی تعلیمی سیکٹر کے تحقیقی مراکز کی 2 ارب گرانٹ بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔
خیال رہے کہ وفاقی کابینہ 2 ارب کی یہ اضافی رقم اعلیٰ تعلیم سیکٹر کے تحقیقی مراکز کو دے گی، یہ تحقیقی مراکز شدید مالی بحران کا شکار تھے۔
حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقی مراکز طالب علموں سے فیس وصول نہیں کرتے، جو رقم رجسٹریشن کی مد میں اداروں کو آتی ہے وہ جامعات کے اکاؤنٹس میں جاتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب حکومت کا یکساں نظام تعلیم رائج کرنے کے لیے نصاب اتھارٹی قائم کرنے کا فیصلہ
خیال رہے کہ تعلیم کے شعبے میں پی ٹی آئی حکومت ایک عزم کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے، وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا تھا کہ حکومت تعلیم کے شعبے میں بھی اچھی کارکردگی دکھا رہی ہے۔
واضح رہے کہ پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں یکساں نظام تعلیم رائج کرنے کے لیے نصاب اتھارٹی ( کریکولم اتھارٹی) قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
نئے سسٹم کے تحت ثانوی جماعت یعنی میٹرک تک پانچ مضامین لازمی ہوں گے اور سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں ان پانچ لازمی مضامین میں ہی امتحانات لیے جائیں گے۔