اسلام آباد: وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد کا کہنا ہے کہ گزشتہ جولائی کی نسبت رواں سال جولائی میں ملکی برآمدات میں 14 فیصد اضافہ ہوا، ملکی برآمدات پہلے ماہ ایک ارب 87 کروڑ ڈالر رہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد کا کہنا ہے کہ جولائی میں ملکی برآمدات ایک ارب 88 کروڑ ڈالر رہیں۔ گزشتہ جولائی کی نسبت رواں سال جولائی میں 14 فیصد اضافہ ہوا۔
مشیر تجارت کا کہنا تھا کہ ملکی برآمدات پہلے ماہ ایک ارب 87 کروڑ ڈالر رہیں، مارکیٹ میں ہیجانی کیفیت کے باوجود برآمدات میں اضافہ ہوا۔ حکومت کسی صورت کاروبار کی رجسٹریشن نہیں روکے گی۔
انہوں نے کہا کہ چاول کی برآمدات میں 71، گارمنٹس میں17 اور ٹیکسٹائل میں 14 فیصد کمی ہوئی، ملکی درآمدات 18 فیصد کمی کے ساتھ 3 ارب 84 کروڑ ڈالر رہی۔ معدنی پیداوار میں 23 اور گاڑیوں کی درآمدات میں 42 فیصد کمی ہوئی۔
عبد الرزاق داؤد کا کہنا تھا کہ 20 سے 30 اگست کو افغان صدر کی دعوت پر افغانستان جاؤں گا، افغان ٹرانزٹ ٹریڈ سے ہماری معیشت کو نقصان ہوا۔ ملائیشیا، انڈونیشیا اور یورپی ممالک سے مارکیٹ رسائی کا معاہدہ ہوا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کاروبار رجسٹر کرنا پڑے گا، سیلز ٹیکس قانون میں تبدیلی نہیں ہوگی۔