کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ محکمہ موسمیات نے شہر میں 150 ملی میٹر بارش کی پیش گوئی کی ہے، ممکنہ برسات کے پیش نظر سندھ بھر میں رین ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ پبلک ہیلتھ انجنئرنگ (پی ایچ ای) نے ممکنہ بارشوں کے پیش نظر تمام افسران اور ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کر کے مشینری تیار کرنے کا حکم جاری کردیا۔
پی ای ایچ نے صورتحال سے نمٹنے کے لیے کراچی سمیت سندھ بھر میں ایمرجنسی سینٹرز قائم کردیے۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ تمام افسران ڈپٹی کمشنرز سے رابطوں میں ہیں اور ہم ہر قسم کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔
دوسری جانب وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ کراچی میں 150 ملی میٹر بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے، ہم نے تمام اقدامات کر لیے اور عوام کو پریشانی سے بچانے کے لیے اداروں کو متحرک کردیا۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ بارشوں اور مسائل سے نمٹنے کے لیے ہماری بھرپور تیاری ہے، انتظامیہ نے گزشتہ بارشوں اور صورتحال سے سبق سیکھا، اب کی بار عوام کو تکلیف نہیں ہو گی، بارش کے باعث عملے کی عید کی چھٹیاں بھی منسوخ کردی گئی ہیں۔
شہر میں کرنٹ لگنے سے ہلاک ہونے کے واقعات پر وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ’’کے الیکٹرک میرے ماتحت نہیں مگر ہم کسی کو شہریوں کی زندگیوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے‘‘۔