لاہور: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ہم کشمیرپر پاکستانی موقف کی حمایت پرچین کا شکریہ ادا کرتے ہیں.
ان خیالات کا اظہار انھوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا. ان کا کہنا تھا کہ ہزاروں کشمیریوں کا پاکستانی پرچم تھامے مارچ بھارت کے لئے نوشتہ دیوارہے.
سینیٹرسراج الحق نے کہا ہے کہ ہم پاکستانی قوم،عالمی برادری کو متحرک کرنے کی کوشش کر رہے ہیں.
ان کا مزید کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیرکی صورت حال پرعالمی کشمیرکانفرنس بلائیں گے، یہ اہم ترین معاملہ ہے.
یاد رہے کہ گزشتہ روز امیر جماعت اسلامی نے ایک احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، بھارتی عمل قابل مذمت ہے۔آج پاکستان کی شہ رگ پر بھارت قابض ہے.
ان کا مزید کہنا تھا کہ کشمیری آج اپنی بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں، کشمیر پر بھارت کا قبضہ ناقابل قبول ہے.
خیال رہے کہ بھارت نے غیر قانونی قدم اٹھاتے ہوئے کشمیر کی خصوصی اہمیت ختم کرکے اسے دو حصوں میں تقسیم کر دیا تھا.
آرٹیکل 370 کے خاتمے کے غیر آئینی اقدام کے خلاف کشمیر میں شدید ردعمل آیا. گزشتہ روز ہزاروں افراد نماز جمعہ کے خطبے کے بعد احتجاج کرتے ہوئے باہر نکل آئے، جس سے بھارتی فورسز حواس باختہ ہوگئیں.