راولپنڈی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے اپنے والد آصف علی زرداری کی صحت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹرز نے آصف زرداری کو اسپتال بھیجنے کا مشورہ دیا، لیکن علاج میں غفلت برتی جا رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ ڈاکٹرز نے آصف زرداری کو اسپتال بھیجنے کا مشورہ دیا ہے لیکن آصف زرداری کے حوالے سے ڈاکٹرز کی تجاویز پر عمل نہیں کیا جا رہا۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ میری جماعت اور خاندان کو دباؤ میں لانے کی کوشش کی جا رہی ہے، سیاسی مخالفین کی عورتوں کو بھی گرفتار کیا جا رہا ہے، آصف زرداری اور فریال تالپور کو کوئی سزا نہیں ہوئی، فریال تالپور کو اسپتال سے جیل غیر قانون طریقے سے لایا گیا۔
انھوں نے مزید کہا کہ ہمارا دین بھی ہمیں سکھاتا ہے کہ عورت کا احترام کرنا چاہیے، کسی دباؤ کی وجہ سے ہم اپنا نظریہ نہیں بدلیں گے۔
تازہ خبریں پڑھیں: ویسٹ مینجمنٹ کرپشن کیس، نیب کا تحقیقات کیلیےشہباز شریف کے گھرٹیم بھیجنے کا فیصلہ
پی پی چیئرمین نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے آمروں کا مقابلہ کر کے انھیں اقتدار سے ہٹایا، 18 ویں ترمیم پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا، پیپلز پارٹی ماضی میں بھی یہ سب دیکھ چکی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جو ظلم پاکستان کے عوام سے ہو رہا ہے وہ برداشت نہیں کیا جائے گا، کسانوں اور غریبوں کا معاشی قتل ہو رہا ہے، ٹیکسوں کا طوفان کھڑا کر کے عوام پر مزید ظلم کیا جا رہا ہے۔