اشتہار

مقبوضہ کشمیر کی صورت حال، شاہ محمود کا سلامتی کونسل کی صدر کو چوتھا خط

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مقبوضہ کشمیر کی تشویش ناک صورت حال پر یو این سلامتی کونسل کی صدر کو چوتھا خط لکھ دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ شاہ محمود نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدر جوانا ورونیکا کو ایک اور خط لکھتے ہوئے مطالبہ کیا کہ سلامتی کونسل بھارت کو کرفیو اٹھانے اور تالا بندی ختم کرنے پر مجبور کرے۔

خط میں وزیر خارجہ نے سلامتی کونسل کی صدر کو مقبوضہ کشمیر میں کرفیو اور انسانی المیے سے آگاہ کیا، اور کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورت حال جنوبی ایشیا کے امن کے لیے خطرہ بن چکی ہے۔

- Advertisement -

شاہ محمود نے خط میں اس خدشے کا اظہار کیا کہ بھارت دنیا کی توجہ ہٹانے کے لیے خود ساختہ آپریشن کر سکتا ہے۔ انھوں نے تجویز دی کہ سلامتی کونسل یو این فوجی مبصر مشن کی تعداد کو دگنا کرے، اور فوجی مبصرین کی ایل او سی پر گشت کے لیے بھارت پر دباؤ ڈالے۔

یہ بھی پڑھیں:  آذر بائجان کے وزیر خارجہ کا مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر تشویش کا اظہار

وزیر خارجہ نے خط میں بھارت کے جوہری معاملے پر غیر ذمہ دارانہ بیان کا بھی ذکر کیا، یہ مطالبہ بھی کیا کہ سلامتی کونسل خطے میں امن کے لیے اقوام متحدہ چارٹر کے تحت ذمہ داریاں پوری کرے اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں رکوائی جائیں۔

خط میں وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان سلامتی کونسل، یو این سیکریٹری جنرل اور عالمی برادری سے تعاون کے لیے تیار ہے۔

انھوں نے دیرینہ مطالبہ پھر دہرایا کہ اقوام متحدہ اپنے چارٹر اور سلامتی کونسل کی قرار دادوں کے تحت مسئلہ کشمیر حل کرائے۔

یاد رہے کہ وزیر خارجہ نے صدر سلامتی کونسل کو یکم، 6 اور 13 اگست کو بھی خطوط لکھے تھے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں