کراچی: شہر قائد میں ڈینگی سے متاثرہ کیماڑی کی رہائشی 21 سالہ عذرا لیاری جنرل اسپتال میں دم توڑ گئی، سندھ میں اب تک 12 افراد جان سے جا چکے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں ڈینگی سے ایک اور ہلاکت سامنے آگئی، کیماڑی کی رہائشی 21 سالہ عذرا لیاری جنرل اسپتال میں زیر علاج تھی۔
ڈینگی سرویلینس سیل کے مطابق سندھ میں اب تک 12 افراد جان سے جا چکے ہیں، جن میں سے گیارہ کا تعلق کراچی سے ہے۔
اسلام آباد میں چوبیس گھنٹے کے دوران 608 افراد ڈینگی کا شکار بنے، ایک مریض پولی کلینک میں دم توڑ گیا۔ راولپنڈی سے 168 کیسز رپورٹ ہوئے۔
لاہور میں 11، گجرات اور وہاڑی سے 6، 6 خانیوال، بہاولنگر، پاکپتن اور قصور سے ایک ایک کیس رپورٹ ہوا۔
علاوہ ازیں ساہیوال، سرگودھا، بھکر، مظفر گڑھ اور ملتان سے 3، 3 ڈینگی کیسز سامنے آئے جبکہ اٹک، گوجرانوالہ، لیہ اور شیخو پورہ سے 2، 2 ڈینگی کیسز رپورٹ ہوئے۔
فیصل آباد اور جھنگ سے بھی ڈینگی کا 1، 1 کیس رپورٹ ہوا۔
دوسری جانب حکومت نے ڈینگی پھیلنے کی تحقیقات کے لیے جلد عالمی اداروں سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او)، سی ڈی سی امریکا اور سری لنکا سے رابطہ کیا جائے گا۔
ذرایع وزارت قومی صحت کا کہنا ہے کہ عالمی ماہرین پاکستان کے صوبوں اور آزاد کشمیر کا دورہ کریں گے، اور اس دوران پاکستان میں ڈینگی لاروا اور وائرس پر تحقیق کریں گے، راولپنڈی اور اسلام آباد میں ڈینگی پھیلاؤ کی وجوہ بھی تلاش کی جائیں گی۔
خیال رہے کہ رواں سال ملک میں ڈینگی کے 16 ہزار سے زائد کیسز سامنے آچکے ہیں، جن میں سے 6 ہزار صرف راولپنڈی اور اسلام آباد رپورٹ ہوئے۔