کراچی : گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کا آزادی مارچ ناکام اور ان کا وزارت عظمی ٰکا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا، ان کے پاس عوام کی کوئی تائید نہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ کے حوالے سے گورنر سندھ نے کہا کہ آزادی مارچ نکال کر وہ وہ شرمندہ ہونگے۔
ان کے پاس عوام کی کوئی تائید نہیں اس لیے مولانا فضل الرحمان کا آزادی مارچ ناکام ہوگا، وہ اس مارچ میں مدرسوں کے بچوں کو ورغلا کر لائیں گے تو یہ ان کی بہت بڑی ناکامی ہوگی۔
عمران اسماعیل نے میڈیا سے گفتگو میں مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمان کا وزارت عظمی ٰکا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا، احتجاج کے نام پر دھونس دھمکی کسی کی بھی برداشت نہیں کی جائے گی۔
اگر بات مذاکرات کے ذریعے ٹیبل پر بیٹھ کر کرنی ہے تو ہم حاضر ہیں بصورت دیگر قانون کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک کا پیسہ لوٹنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں، جس نے بھی کرپشن کی ہے اسے جواب دینا ہوگا، جب تک ہماری حکومت ہے احتساب کسی کا نہیں رکے گا۔