نئی دہلی:بھارتی وزیراعظم نریندرمودی نے چینی صدر کے دورہ بھارت کے دوران دوسرے دن کا آغاز ساحل کی صفائی سے کیا۔
تفصیلات کے مطابق جنگی جنون میں مبتلا بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے ایک روز قبل ویڈیو ٹوئٹ کی گئی تھی جس میں وہ جنوبی بھارت کے مشہور ساحل ماملاپورم سے پلاسٹک کی اشیا اٹھا کر ایک تھیلے میں ڈالتے نظر آئے نریندر مودی نے بعد ازاں یہ تھیلا قریب ہی موجود ہوٹل کے ملازم کے حوالے کردیا۔
ٹوئٹر پیغام میں مودی نے بھارتی عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے ارد گرد کے ماحول کا خیال رکھیں انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ماحول کے ساتھ ساتھ اپنی صحت کا بھی خیال رکھیں۔
خیال رہے کہ ماحولیاتی ادارے گرین پیس اور ہوا کا میعار مانیٹر کرنے والی ویب سائٹ ایئرویژوال کی تحقیق کے مطابق دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں سب سے زیادہ تعداد بھارتی شہروں کی ہے۔
تحقیق کے مطابق، بھارت کی ریاست ہریانہ میں واقع گروگرام دنیا کا سب سے زیادہ آلودہ شہر ہے جبکہ اس فہرست میں دہلی 11ویں نمبر پر ہے، دہلی کو دنیا کا سب سے آلودہ دارالحکومت تصور کیا جاتا ہے۔
یاد رہے کہ نریندر مودی کی جانب سے گزشتہ 5 سال سے بھارت میں حفظان صحت کے اصولوں کو رائج کرنے اور گھروں میں بیت الخلاءبنانے کی مہم چلائی جارہی ہے۔
ایک رپورٹ کے مطابق بھارت میں بیت الخلاءسے زیادہ موبائل فون موجود ہیں اور عوام کی بڑی تعداد ریل کی پٹریوں، کھیتوں اور کھلے مقامات پر رفع حاجت کرنے پر مجبور ہے۔