ننکانہ صاحب : وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان سے بات چیت جاری ہے، امید ہے دھرنے کی نوبت نہیں آئے گی۔
تفصیلات کے مطابق ننکانہ صاحب میں وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں دھرنے کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔
وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ شہبازشریف وکٹ کے دونوں اطراف کھیل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 23 یا25 اکتوبر کو مولانا فضل الرحمان کی تحریک کے بارے میں بتاؤں گا۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گا، پاکستان کے لیے زندگی موت کا مسئلہ ہے، جدوجہد آزادی میں کشمیریوں کے ساتھ ہیں۔
وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے مزید کہا کہ خواہش ہے کہ وزیر اعظم عمران خان ریلوے اسٹیشن کا افتتاح کریں۔
مولانا فضل الرحمان کا آزادی مارچ ، خرچہ کتنا آئے گا؟
واضح رہے جے یو آئی (ف) نے 27 اکتوبر کو اسلام آباد کی طرف مارچ کا اعلان کیا ہے، مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ مظاہروں کے ساتھ اسلام آباد کی طرف آزادی مارچ شروع ہوگا۔
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانافضل الرحمان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد جانا ہمارا آخری اور حتمی فیصلہ ہے، اب یہ جنگ حکومت کے خاتمے پر ہی ختم ہوگی، ہماری جنگ کا میدان پورا ملک ہوگا، ملک بھر سے انسانوں کا سیلاب آرہا ہے۔