اشتہار

کوئٹہ: پولیس موبائل کے قریب دھماکا، ایک اہل کار شہید

اشتہار

حیرت انگیز

کوئٹہ: بلوچستان کے شہر کوئٹہ میں ڈبل روڈ پر پولیس موبائل کے قریب دھماکا ہوا، جس میں ایک اہل کار شہید جب کہ 10 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق کوئٹہ ایک بار پھر دہشت گردی کا شکار ہو گیا ہے، ڈبل روڈ پر ہونے والے دھماکے میں ایک اہل کار شہید ہو گیا، ترجمان سول اسپتال نے بتایا کہ دھماکے میں دس افراد زخمی ہوئے جنھیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق شہر کے وسطی علاقے ڈبل روڈ پر اس وقت زور دار دھماکا ہوا جب پولیس کے ریپڈ رسپانس گروپ کی گاڑی اہل کاروں کو لے کر گزر رہی تھی، دھماکے کے نتیجے میں ایک اہل کار جاں بحق جب کہ چار اہل کاروں سمیت دس افراد زخمی ہو گئے۔

- Advertisement -

بم ڈسپوزل اسکواڈ کے ذرایع کے مطابق دھماکا موٹر سائیکل میں نصب بم سے ریمورٹ کنٹرول کے ذریعے کیا گیا۔ دھماکے سے ایک رکشا اور 5 موٹر سائیکلوں کو بھی نقصان پہنچا، 4 گاڑیوں میں لگی آگ پر قابو پا لیا گیا، پولیس نے جائے وقوع پر پہنچ کر دھماکے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:  کوئٹہ: مدرسے میں نماز جمعہ کے دوران دھماکہ، 7 افراد جاں بحق

تمام زخمیوں کو سول اسپتال کے ٹراما سینٹر میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے، بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے دھماکے کی مذمت کی ہے۔

یاد رہے 16 اگست کو کوئٹہ، کچلاک میں مدرسے میں نماز جمعہ کے دوران دھماکا ہوا جس میں 7 افراد جاں بحق جب کہ 22 زخمی ہو گئے تھے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں