اسلام آباد: وزیرامور کشمیر علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ بھارتی جارحیت کشمیریوں کے عزم کو پست کرنے میں ناکام رہی، انتہاپسند مودی سرکارخود بھارت کا شیرازہ بکھیرنےپر تلی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ایل او سی پر پاک فوج کی جانب سے بھارتی جارحیت کا جواب بھارت کے لیے سبق آموز ہے، بھارت کو اسی طرح منہ توڑ جواب دیا جاتا رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ فوجی اور سفارتی سمیت ہرمحاذ پر بھارت کو پسپائی ہورہی ہے، پلومہ حملے کے بعد بھارتی جارحیت کے نتائج سب کے سامنے ہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے واضح کردیا ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دیں گے، جھوٹے پروپیگنڈے سے بھارت دنیا کو گمراہ نہیں کرسکتا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم جذبہ ایمانی سے سرشار ہے، ملک کے دفاع کے لیے آخری سانس تک لڑیں گے، پاک افواج نے لازوال قربانیوں سے ملک کو مضبوط بنایا۔
اپوزیشن کے دھرنے سے متعلق تبصرہ کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کے منفی عزائم سے پوری قوم آگاہ ہے، ذاتی مفاد کے لیے سازشیں دشمن کے ہاتھوں میں کھیلنے کے مترادف ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز بھارتی فوج نے ایک بار پھر لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلااشتعال فائرنگ کی تھی جس کا پاک فوج نے منہ توڑ جواب دیا اور 9 بھارتی فوجی ہلاک کردیے۔
منہ کی کھانے کے بعد بھارتی میڈیا بھی بوکھلاہٹ کا شکار ہوگیا، اور پاکستان پر بےبنیاد الزامات عاید کیے جبکہ پاک فوج نے بھارتی ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔