لاہور: کبڈی ورلڈ کپ کی میزبانی پاکستان کو مل گئی، ورلڈ کپ سرکل اسٹائل 12 سے 18 جنوری تک پاکستان میں کھیلا جائے گا.
تفصیلات کے مطابق پاکستان کو کبڈی ورلڈ کپ کی میزبانی مل گئی ہے جس کے میچز لاہور، فیصل آباد، ننکانہ صاحب اور کرتارپور میں کھیلے جائیں گے، ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے 9 ٹیمیں کوالیفائی کرچکی ہیں.
[bs-quote quote=”بھارتی ٹیم نے شرکت کی زبانی یقین دہانی کرائی ہے” style=”style-8″ align=”left” author_name=”صدر پاکستان کبڈی فیڈریشن”][/bs-quote]
پاکستان اور آذربائیجان کی خواتین کبڈی ٹیموں کے درمیان نمائشی میچ کھیلا جائے گا جبکہ ایک ٹیم کوالیفائنگ راؤنڈ کے ذریعے ورلڈ کپ میں شامل ہوگی.
ٹورنامنٹ میں پاکستان سمیت بھارت، ایران، کینیڈا اور انگلینڈ کی ٹیمیں شامل ہوں گی، آسٹریلیا، سپر الیون، امریکا اور کینیا کی ٹیمیں بھی ورلڈ کپ کھیلیں گی.
صدر پاکستان کبڈی فیڈریشن کا کہنا ہے کہ 8 ٹیموں نے تحریری طور پر کبڈی ورلڈ کپ میں شرکت کی تصدیق کردی ہے.
شافع حسین کا کہنا ہے کہ بھارتی ٹیم نے شرکت کی زبانی یقین دہانی کرائی ہے، امید ہے رواں ماہ بھارتی ٹیم بھی تحریری تصدیق کردے گی.
واضح رہے کہ کبڈی ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم کو ایک کروڑ روپے، رنر اپ 75 لاکھ اور تیسرے نمبر پر آنے والی ٹیم کو 50 لاکھ روپے انعام دیا جائے گا.