لاہور: وزیر اعظم سٹیزن پورٹل میں نامعلوم درخواستوں پر کارروائی کے معاملے پر عدالت کا فیصلہ آ گیا، ہائی کورٹ نے پورٹل کو نامعلوم درخواستوں پر کارروائی سے تا حکم ثانی روک دیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ نے سٹیزن پورٹل کو نامعلوم درخواستوں پر کارروائی سے تا حکم ثانی روک دیا ہے، عدالت نے 20 نومبر کو وزیر اعظم سیکرٹریٹ سمیت فریقین سے جواب طلب کر لیا۔
عدالت نے کہا کہ سٹیزن پورٹل آیندہ سماعت تک نامعلوم درخواستوں پر کارروائی نہ کرے، یہ معاملہ عوامی مفاد کا ہے لہٰذا اس پر فریقین تفصیلی جواب جمع کرائیں۔
اے آر وائی نیوز کے نمایندے کے مطابق درخواست ڈاکٹر فاروق احمد رانا کی جانب سے دائر کی گئی ہے، درخواست گزار کا کہنا تھا کہ ینگ ڈاکٹرز کے خلاف انکوائری شروع کر رکھی ہے، سٹیزن پورٹل پر میرے خلاف نامعلوم افراد کی جانب سے متعدد درخواستیں دائر کی گئی ہیں، جن پر مجھے انکوائریز بھگتنا پڑ گئیں، اور ساکھ کو نقصان پہنچا۔
یہ بھی پڑھیں: سٹیزن پورٹل کی شکایات کے حوالے سے وزیر اعظم کی خصوصی ہدایات
یاد رہے کہ 12 اکتوبر کو وزیر اعظم سٹیزن پورٹل پر درج کروائی جانے والی شکایات کے حوالے سے وزیر اعظم عمران خان نے خصوصی ہدایات جاری کی تھیں، وزیر اعظم آفس نے تمام وفاقی اور صوبائی اداروں کو خط لکھ کر کہا تھا کہ آفس کو شکایت موصول ہوئی کہ غیر مجاز اہل کار شہریوں کی شکایات کو بغیر حل کیے نمٹا رہے ہیں۔
وزیر اعظم نے شہریوں کی شکایات کا حل مجاز افسران کے حتمی فیصلے سے مشروط کر دیا۔ وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ماتحت افسران، شہری کی شکایت کو بغیر نتیجہ نمٹا نہیں سکتے۔
وزیر اعظم نے واضح کیا کہ کوئی بھی شکایت نمٹانے سے قبل مجاز افسر کی اجازت ضروری ہوگی، شہریوں کی شکایات کے حل میں کوتاہی قبول نہیں۔