کراچی : دنیا بھر کی طرح جشن عید میلاد النبی ﷺ ۤآج پاکستان میں بھی مذہبی جوش وجذبے کے تحت منایا جائے گا، ملک بھر میں جشنِ عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وسلم کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں، ہر سو درودو سلام کی صدائیں بلند ہو رہی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سرور کائنات حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی آمد آمد ہے جبکہ ملک کے مختلف شہروں میں عاشقانِ رسول نے گھروں اور گلیوں کو برقی قمقموں سے سجا دیا۔
جشن عید میلادالنبی ﷺ کے سلسے میں شہر بھر کی مساجد، عمارتوں اور شاہراہوں کو سبز پرچموں اور برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے۔
عاشقان رسول ﷺ خانہ کعبہ اور مسجد نبوی کے خوبصورت ماڈلز بنا کر سرور کائنات سے اظہار عقیدت کر رہے ہیں، آپ ﷺ کی ذات گرامی صورت میں اجمل اور سیرت میں اکمل ہے۔
آپ کے حالات و کمالات اور فضائل معجزات کو بیان کرنے کا نام عید میلاد النبی ہے۔ رسول کریم ﷺ سے محبت کا تقاضا ہے کہ مسلمان متحد ہو کر امن و آشتی کا درس دیں، آپ ﷺ نے امن و محبت، بھائی چارگی اور احترام انسانیت کا درس دیا اور یہ پیغام رہتی دنیا تک قائم رہے گا۔
اس حوالے سے مختلف مقامات پر منعقدہ اجتماعات سے خطاب میں علمائے کرام کا کہنا ہے کہ عصر حاضر میں نبی کریم ﷺ کی تعلیمات پر عمل کرنا راہ نجات ہے۔