کراچی: پی آئی اے اور اتحاد ایئر ویز کے درمیان کوڈ شیئر معاہدے کی تجدید کر دی گئی۔اس معاہدے کے تحت پی آئی اے کے مسافر اتحاد ایئر ویز کی دنیا بھر کی پروازوں میں سفر کر سکیں گے جبکہ اتحاد ایئر ویز کے مسافر ابوظہبی سے پاکستان کے لئے پی آئی اے کی پروازوں پر سفر کر سکیں گے۔
کوڈ شیئر معاہدے کے تحت پی آئی اے کے مسافراتحاد ایئر ویز کی پاکستان سے ابوظہبی کی دو طرفہ پروازوں کے علاوہ ایمسٹرڈیم، بحرین، کولمبو، شکاگو، فرینکفرٹ، لاس اینجلس، میڈرڈ، ماسکو، واشنگٹن اور زیورخ کی پروازیں استعمال کر سکیں گے جبکہ حکومت کی منظوری کے بعد عمان، ایتھنز، برسبین، سڈنی، میلبورن، نیروبی اور روم کی پروازیں بھی استعمال کی جا سکیں گی۔
اسی طرح اتحاد ایئر ویز کے مسافر پی آئی اے کی ابوظہبی سے لاہور، اسلام آباد اور پشاور کے لئے دو طرفہ پروازیں استعمال کر سکیں گے۔
پی آئی اے کے چیف کمرشل آفیسر نوشیروان عادل نے کہا ہے کہ یہ پی آئی اے کے لئے نہایت خوشی کی بات ہے کہ اتحاد ایئر ویز کے ساتھ کوڈ شیئر معاہدے کی تجدید ہو ئی ہے۔ اس معاہدے سے پی آئی اے کے مسافروں کو ابوظہبی اور دنیاکے مختلف مقامات تک رسائی ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان مضبوط باہمی تعلقات ہیں اور ہمیں خوشی ہے کہ اب ہم اتحاد ایئر ویز کے دوستوں کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔
اتحاد ایئر ویز کے چیف کمرشل آفیسر روبن کمارک نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات اور پاکستان مضبوط تاریخی اور ثقافتی رشتوں میں جڑے ہوئے ہیں۔ پی آئی اے کاشمار ایشیاء کی پرانی اور تجربہ کار ائر لائن میں ہوتا ہے جو کہ دونوں ائر لائنوں کی ترقی کے لئے نہایت خوش آئند ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس معاہدے سے دونوں ایئر لائنوں کے مسافروں کوپاکستان اور ابوظہبی کے درمیان براہ راست سفر کی سہولت کے علاوہ خاص طور پرپاکستان سے سفر کرنے والوں کوابوظہبی سے دنیا کے مختلف مقامات تک سفر کی سہولت میسر ہو گی۔