کراچی: سبزیوں کی قیمتیں پورے ملک میں آسمان سے باتیں کررہی ہیں ایسے میں مہنگائی سے پریشان ایک بچی نے ٹماٹر کی قیمتوں پر طنز کیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق سبزیوں کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے سبزی اب غریب کی پہنچ سے بھی دور ہوتی جارہی ہے، بچی نے ٹماٹر کی بڑھتی قیمتوں پر زبردست ویڈیو بنائی جو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
کمسن بچی نے ٹماٹر کا ہار گلے میں پہنا اور کہا کہ کئی دنوں کی خرچی جمع کرکے ٹماٹر خریدنا پڑتے ہیں، ہاتھ جوڑ کر مہنگائی ختم کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔
بچی کا ویڈیو میں کہنا تھا کہ اللہ توبہ توبہ عمران خان صاحب! پہلے تو ہم سونے کا ہار پہنتے تھے اب تو ٹماٹر کا ہار پہنتے ہیں، تھوڑا تو ہم پر رحم کرلیں اب یہ دیکھو ٹماٹر بھی آپ نے مہنگے کردئیے ہیں۔
بچی کا معصومانہ انداز میں کہنا تھا کہ پہلے مما ٹماٹر سالن میں ڈالتی تھیں اب ہمیں ایک ایک روپیہ جمع کرکے یہ ٹماٹر خریدنے پڑ رہے ہیں۔
بچی کا مزید کہنا تھا کہ آپ تو کہتے تھے غریب عوام کو ریلیف فراہم کریں گے لیکن آپ نے کیا ریلیف فراہم کیا، تھوڑا تو ہم پر رحم کریں پلیز۔
واضح رہے کہ ٹماٹر کے ساتھ ساتھ پیاز، ادرک، لہسن سمیت دیگر سبزیوں کی قیمتیں بھی آسمانوں سے باتیں کررہی ہیں، ٹماٹر کی کمی کے سبب حکومت کی جانب سے ایران سے ٹماٹروں سے بھرے ٹرک منگوائے گئے ہیں جس سے ٹماٹر کی قیمتوں میں کمی کی امکان ہے۔