اشتہار

آدمی کے پیٹ سے ساڑھے سات کلو کا گردہ برآمد، ڈاکٹرز بھی حیران

اشتہار

حیرت انگیز

نئی دہلی: بھارتی دارالحکومت میں واقع اسپتال کے ڈاکٹرز نے مریض کا 7 کلو 400 گرام وزنی گردہ نکال دیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق دارالحکومت نئی دہلی کے گنگا شری رام اسپتال کے سرجن ڈاکٹر سچن کٹوریا کی سربراہی میں ٹیم نے 56 سالہ مریض کا آپریشن کیا جو کامیاب رہا۔

ڈاکٹر نے دعویٰ کیا ہے کہ مریض کے جسم سے نکالا گیا گردہ دنیا کا وزنی ترین گردہ ہے جس کا وزن 7 کلو چار سو گرام کے قریب بنتا ہے۔رپورٹ کے مطابق ڈاکٹرز بھی گردے کا وزن دیکھ کر ششدر رہ گئے تھے۔

- Advertisement -

سرجن سچن کٹوریا کے مطابق ہم نے مریض کی زندگی بچانے کے لیے دو گھنٹے طویل آپریشن کیا اور گردہ نکالنے میں کامیاب رہے، متاثرہ شخص کا گردہ پورے پیٹ میں جگہ گھیرے ہوئے تھا جس کی وجہ سے اُسے سانس لینے میں دشواری کا سامنا تھا۔

ڈاکٹرز کے مطابق متاثرہ شخص کے جسم سے نکالے گئے گردے کا وزن تقریبا 2 نوزائیدہ بچوں کے برابر تھا اور یہ دنیا میں کہیں بھی مریض کے جسم سے الگ کیا گیا سب سے بڑا گردہ ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گینزبک آف ورلڈ ریکارڈ میں اس سے قبل ساڑھے 4 کلو وزنی گردے کو جسم سے نکالنے کا ریکارڈ موجود ہے، اسپتال انتظامیہ نے ریکارڈ کے اندراج کے لیے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کی ٹیم سے رابطہ کرلیا۔

ڈاکٹرز کے مطابق آپریشن کے بعد مریض کی طبیعت میں بتدریج بہتری آرہی ہے اور امید ہے جلد وہ مکمل صحت یاب ہوجائے گا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں