کراچی: ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی ) ایمرجنگ ایشیا کپ کی فاتح پاکستان ٹیم کے کپتان سعود شکیل نے کہا ہے کہ یہ ٹائٹل جیتنا کسی بڑے اعزاز سے کم نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کپتان سعود شکیل کا کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ کا سب سے اہم میچ بھارت کے خلاف سیمی فائنل رہا جس میں پاکستان ٹیم نے جارحانہ حکمت عملی اپنائی، پوری ٹیم نے بہت محنت کی جس کا نتیجہ کامیابی کی صورت میں سامنے آیا۔
انہوں نے کہا کہ پہلی بار دیکھنے میں آیا کہ بھارتی کھلاڑیوں نے پاکستان کے خلاف میچ میں جارحانہ کے بجائے دفاعی حکمت عملی اپنائی جس کا پاکستان نے بھر پور فائدہ اٹھا یا۔
پاکستان نے ایمرجنگ ایشیا کپ جیت لیا
کپتان کا کہنا تھا کہ انہیں امید تھی کہ عماد بٹ آخری اوور میں بھارت کو ہدف حاصل کرنے نہیں دیں گے اور ایسا ہی ہوا، فائنل میں بنگلادیش کی ٹیم پاکستان کو بہت آسان حریف سمجھ رہی تھی کیونکہ ان کی ٹیم میں سینئر کھلاڑی بھی موجود تھے لیکن پاکستان نے فائنل میں حریف ٹیم کو آؤٹ کلاس کیا۔
خیال رہے کہ پاکستان نے گزشتہ ہفتے بنگلہ دیش کو اے سی سی ایمرجنگ ایشیا کپ کے فائنل میں 77 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ سیمی فائنل میں پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو آخری اوور میں 3 رنز سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔