جمعرات, جولائی 3, 2025
اشتہار

شاہ محمود قریشی سے ملائیشین نائب وزیر خارجہ کی ملاقات

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملائیشین نائب وزیر خارجہ سے ملاقات کے دوران کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف ملائیشیا کی آواز بلند کرنا قابل تحسین ہے۔

تفصیلات کے مطابق ملائیشین وزیر اعظم کے خصوصی ایلچی و نائب وزیر خارجہ داتو ویرا حاجی مرزوقی یحییٰ وزارت خارجہ پہنچے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملائیشین ایلچی کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو ہوئی۔

وزیر خارجہ نے ملائیشین نائب وزیر خارجہ کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف ملائیشیا کی آواز بلند کرنا قابل تحسین ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر پاکستانی مؤقف کی تائید اور حمایت پر ملائیشیا کے ممنون ہیں۔

ملائیشیا کے نائب وزیر خارجہ نے شاہ محمود قریشی کو کوالالمپور کانفرنس کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا، شاہ محمود قریشی نے کوالالمپور کانفرنس کے انعقاد پر پاکستان کی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔

اس سے قبل گزشتہ روز افریقی ممالک کی سفرا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور افریقہ کے مابین تجارتی حجم میں اضافے کے بے شمار مواقع ہیں، ہمیں مل کر ان مواقعوں سے بھر پور استفادہ کرنا ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ افریقی ممالک کے ساتھ باہمی روابط کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہیں، جلد ہی دونوں ممالک میں سفارتی اور سیاسی وفود کے تبادلے بڑھ جائیں گے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں