اسلام آباد: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے ذریعے پٹوار کلچر تبدیل کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ارکان اسمبلی اور پی ٹی آئی ٹکٹ ہولڈرز نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ حکومت نے پٹوارکلچرکے خاتمے کے لیے ڈیجیٹل حل تلاش کیا ہے۔
سردار عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے ذریعے پٹوار کلچر تبدیل کریں گے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب نے بلدیاتی انتخابات کی تاریخ طے کرنے کے لیے کمیٹی قائم کر دی۔ وزیرقانون پنجاب راجہ بشارت کمیٹی کے سربراہ ہوں گے، کمیٹی میں وزیرخزانہ، چیف سیکرٹری، سیکریٹریز لوکل گورنمنٹ، فنانس، قانون اور ایڈوکیٹ جنرل پنجاب بھی کمیٹی ارکان میں شامل ہیں۔
کمیٹی ایک ہفتےمیں اجلاس بلا کر بلدیاتی انتخابات کی تاریخ اور دیگرسفارشات دے گی، کمیٹی کی طے کردہ تاریخ اور دیگر سفارشات وزیراعلیٰ پنجاب کو بھیجی جائیں گی۔
یاد رہے کہ رواں سال 17 ستمبر کو صوبائی وزیر مال کرنل ریٹائرڈ ملک محمد انور کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل سسٹم نے پٹواری کے کردار کو یکسر تبدیل کر دیا ہے۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب کا سب سے بڑا اثاثہ زمین ہے، پنجاب حکومت تمام اضلاع میں اراضی ریکارڈ کا یکساں نظام متعارف کروا رہی ہے۔
کرنل ریٹائرڈ ملک محمد انور کا کہنا تھا کہ زمین کی کمپیوٹرائزڈ رجسٹریشن کسانوں کے لیے بھی آسانیاں پیدا کر رہی ہے، ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن سے پٹوار سسٹم کے نقائص بھی دور ہو رہے ہیں۔