بوگوٹا : سام سنگ اور ہواوے کے مقابلے میں فولڈ ہونے والا انتہائی سستا اسمارٹ فون متعارف کرادیا گیا، 16 اور 20 میگا پکسلزکے 7.8 انچ کے ایسکوبار فولڈ ون کی قیمت 350 ڈالر رکھی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق جدید ترین فولڈ ایبل اسمارٹ فونز قیمت کے لحاظ سے بہت کم لوگوں کی پہنچ میں ہوتے ہیں، جسے موٹورولا کا فولڈ ہونے والا فون 1500 ڈالرز جبکہ سام سنگ گلیکسی فولڈ 1980 ڈالرز اور چینی کمپنی ہواوے کا میٹ ایکس 2400 ڈالرز میں فروخت کے لئے پیش کیا گیا۔
اب کولمبیا کے ڈرگ مافیا کے بے تاج بادشا ہ پابلو ایسکوبار کے بھائی نے سام سنگ ، ہواوے اور موٹورولا کے مقابلے میں فولڈ ہونے والا انتہائی سستا اسمارٹ فون متعارف کرادیا۔
کولمبیا کے ڈرگ مافیا کے بے تاج بادشا ہ پابلو ایسکوبار کے بھائی ’روبرٹو ڈی جیسز ایسکوبار گویریا ‘ نے ایپل کو شکست دینے کےلئے اب ’ایسکو بار فولڈ ون ‘کے نام سے اسمارٹ فون متعارف کرادیا۔
جس کی قیمت صرف 350 ڈالرز رکھی گئی ہے اور یہ دنیا بھر میں کہیں بھی قابل استعمال ہوگا، مذکورہ فون کی ویب سائٹ اور تشہیری ویڈیو کے مطابق فون 7.8 انچ کی ایمولڈ ایف ایچ ڈی اسکرین اور اینڈرائیڈ پائی 9.0 پر مشتمل ہے جبکہ یہ فون جدید ترین کولکوم اسنیپ ڈریگن 8 سیریز کی چپ سیٹ کے ساتھ16 اور 20 میگا پکسلز کے دو کیمروں سے لیس ہے۔
ایسکو بار کمپنی کے سربراہ اولوف گسٹافسن نے ٹیکنالوجی ویب سائٹ سی نیٹ کو ای میل کے ذریعے بتایا کہ انہوں نے ریٹیلرز اور ہول سیلرز کے تمام تر منافع کو ختم کرکے صارفین کو فائدہ پہنچایا ہے۔
گسٹافسن کا کہنا تھا کہ جدید ترین فون ایسکوبار فولڈ 1 خصوصیات اور جدت کے اعتبار سے امریکی کمپنی ایپل اور سام سنگ سے بہت آگے ہے، جلد مزید جدید ترین ڈیوائسز بھی لانچ کریں گے اور امریکی کمپنی ایپل کو شکست دے دیں گے۔
انھوں نے مزید کہا کہ دوسموں والے ایسکوبارفولڈ 1 کے 128 جی بی میموری والے اسمارٹ فون کی قیمت 350 ڈالرز جبکہ 512 جی بی فون کی قیمت 500 ڈالر رکھی گئی ہے۔
خیال رہے پابلو ایسکوبار کا نام 80 کی دہائی میں کولمبیا میں عام افراد کے لئے ہیرو جبکہ قانون نافذ کرنےوالے اداروں کےلئے خوف کی علامت سمجھا جاتا تھا جبکہ ایسکوبار کی مافیا کی جڑیں امریکہ تک پھیلی ہوئی تھیں۔